فٹ بال ورلڈ کپ 2014ء کے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی میزبان برازیل کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے بدترین شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
منگل کو بیلو ہوریزانٹے میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے دوران 18 منٹ کے اندر جرمنی نے پے در پے پانچ گول کرکے برازیلین ٹیم اور شائقین کی سٹی گم کردی تھی۔
جرمنی کی جانب سے ٹونی کروز اور آندرے شرلے نے دو، دو جب کہ تھامس مولر، میروسلیو کلوزے اور سمیع خدیرا نے ایک، ایک گول کیا۔
برازیل کی جانب سے واحد گول آسکر نے میچ کے اختتامی لمحات میں کیا۔
میچ کا پہلا گول تھامس ملر نے گیارہویں منٹ میں کیا۔ میچ کے 23 ویں منٹ میں میرو سووپ کلوزے نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔
ورلڈ کپ میچوں میں کلوزے کا یہ 16 واں گول تھا جس کے بعد وہ عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
کلوزے کا یہ گول برازیل کے لیے بہت بھاری ثابت ہوا اور جرمن کھلاڑیوں نے چھ منٹ کے اندر چار گول کرکے برازیل کا کباڑا کردیا۔
ٹونی کروز نے 24 ویں اور 26 ویں منٹ میں ایک کے بعد دوسرا گول کرکے جرمنی کی برتری 0-4 کردی۔
جس کے بعد میچ کے 29 ویں منٹ میں سمیع خدیرا نے اپنی ٹیم کی جانب سے پانچواں گول اسکور کرکے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم قرار دی جانے والی برازیل کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم کردیے۔
جرمن کھلاڑی میچ کے پہلے ہاف کے دوران واضح طور پر کھیل پر حاوی نظر آئے اور برازیلین ان کے حملوں کے سامنے بے بس اور بڑی حد تک حواس باختہ دکھائی دیے۔
جرمنوں کے تابڑ توڑ گولوں کے باعث جہاں گراؤنڈ کے اندر برازیلین کھلاڑیوں کے ہوش اڑے ہوئے تھےتو وہیں اسٹیڈیم میں موجود فٹ بال کے دیوانے برازیلین تماشائی آنکھوں میں آنسو لیے اپنی ٹیم کی درگت بنتے دیکھ کر ہکا بکا تھے۔
دوسرے ہاف میں برازیل کی دفاعی ٹیم نے کچھ دیر تک تو جرمن کھلاڑیوں کو مزید گول کرنے سے روکے رکھا لیکن 69 ویں میں آندرے شرلے نے پہلے ایک اور 10 منٹ بعد دوسرا گول کرکے برازیل کی بدترین شکست کو مزید بدتر بنادیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں آسکر نے برازیل کی جانب سے گول کرکے اپنی ٹیم اور شائقین کی اشک شوئی کی ناکام کوشش کی لیکن یہ گول ان کے کسی کام نہ آسکا۔
ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بدھ کو ساؤپولو میں ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گاجس کی فاتح ٹیم اتوار کو ریوڈی جنیرو میں جرمنی کا سامنا کرے گی۔