امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نیپال کے زلزلہ زدہ علاقے میں امدادی کام سے وابستہ امریکی میرین کور کا ایک ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے۔
امریکی بحرالکاہل کمان کے ترجمان، میجر ڈیوڈ ایسٹ برن نے کہا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر منگل کی رات 10 بجے سے لاپتا ہوگیا ہے، جو چڑی کوٹ گاؤں کے قریب انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درپیش آفت سے نبردآزما ہونے میں مدد دے رہا تھا۔
منگل کو 7.3 کی شدت سے آنے والے زلزلے میں یہ علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔
امریکی محکمہٴدفاع کے اہل کار کا کہنا ہے کہ طیارے پر آٹھ افراد سوار تھے، جن میں سے چھ امریکی میرینز اور دو نیپالی شہری تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ ہیلی کاپٹر کو کوئی حادثہ پیش آیا۔
نیپالی فوج کے سپاہی ہیلی کاپٹر کا پتا لگانے کے لیے پیدل تلاش کا کام کر رہے ہیں۔ لیکن، حادثے کا کوئی نشان نہیں ملا۔
حکام نے قریبی خطے کو سنگلاخ اور پہاڑی بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ کسی وادی میں گرتا تو اُس صورت میں اس سے متعلق ریڈیو اطلاع ضرور موصول ہوتی۔
یہ ’یو ایچ۔ون وائی ہیوئے‘ قسم کا طیارہ ہے جو ’ہیلپنگ ہینڈ‘ کی ٹاسک فورس کے ساتھ کارروائی سے منسلک تھا۔
یہ کارروائی فوج اور بین الاقوامی امداد کے امریکی ادارے کے اشتراک سے جاری کام میں مدد دے رہا تھا۔ اس کی مدد سے تقریباً 50 ٹن امدادی رسد پہنچا چکا تھا جب کہ 273 اہل کاروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر چکا تھا۔ یہ اب تک نیپال کے زلزلہ زدہ علاقوں میں 68 گھنٹے سے زائد کی پرواز کر چکا تھا۔