رسائی کے لنکس

’ہمیں ہر چیز سے مسئلہ کیوں ہے؟‘رضوان کی امریکہ میں سڑک کےکنارے نماز کی ادائیگی پر تبصرے


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ان دنوں امریکہ میں ہیں جہاں دونوں کرکٹرز نےایک موقر یونیورسٹی سے اپنا کورس مکمل کر لیا ہے۔

بابر اور رضوان امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول سے بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) کورس کرنے گئے تھے۔

امریکہ میں قیام کے دوران بابر اور رضوان نے مختلف تقاریب میں بھی شرکت کی جن کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وقتاً فوقتاً آتی رہی ہیں لیکن حال ہی میں رضوان کی ایک وائرل ہونے والی ویڈیو پر بہت بات ہو رہی ہے۔

رضوان کو امریکہ میں ایک سڑک کے کنارے گاڑی پارک کر کے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو امریکہ کےشہر بوسٹن کی کسی سڑک کی ہے جہاں نماز کی ادائیگی کے دوران رضوان کے پیچھے شہریوں کی چہل قدمی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

اب تک اس ویڈیو کو سینکڑوں مرتبہ ٹوئٹر پر شیئر کیا جا چکا ہے جہاں بعض صارفین وکٹ کیپر بلے باز کو دورانِ سفر نماز ادا کرنےپر سراہ رہے ہیں وہیں بعض کا کہنا ہے کہ رضوان کو یہ سب کچھ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

ٹوئٹر صارف محمد ارسلان کہتے ہیں یہ اعزاز کی بات ہے کہ رضوان پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہیں اور وہ ہر سچے مسلمان کے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ رضوان سے پیار اور انہیں سپورٹ کرتے رہیں گے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے رضوان کو اسلام کا عظیم سفیر گردانا۔

لیکن شازیہ نامی ٹوئٹرکی صارف نے سڑک کےکنارے نماز کی ادائیگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یقین کریں یا نہیں رضوان کا اقدام دکھاوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نماز کی ادائیگی کے دوران فلم بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے رضوان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس مقام پر وہ نماز پڑھ رہے ہیں وہاں سے مسجد بمشکل پانچ منٹ کی دوری پر ہے لیکن فلم بندی کرنا اور احساسِ برتری کا اظہار کرنا ضروری تھا۔

محمد رضوان کی ماضی میں بھی پریکٹس سیشن اور میچ کے وقفے کے دوران نماز پڑھنے کی ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں۔ 2021 میں بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں وقفے کے دوران رضوان نے گراؤنڈ میں ہی نماز ادا کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

تاہم وائرل ہونے والی رضوان کی ویڈیو پر ہونے والی تنقید کو بعض صارفین نے بلاجواز قرار دیا ہے۔

صائمہ نامی ٹوئٹر صارف کہتی ہیں رضوان نے جس جگہ نماز ادا کی وہ پیدل سفر کرنے والوں کی گزرگاہ ہے، انہوں نے کوئی سڑک بلاک نہیں کی اور کسی شخص نے ان کے ساتھ بدتمیزی نہیں کی۔ صائمہ کے بقول ہمیں امریکہ سے سیکھنا چاہیے۔

عائشہ سعید کہتی ہیں رضوان کے نماز ادا کرنے پر ہونے والی تنقید کی کوئی منطق نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کہ انہوں نے کسی کو تصویر لینےکو نہیں کہا ہو گا اور کسی مداح نے ان کی تصویر بنا لی ہو گی۔

عائشہ نےپوچھا ہے کہ ہمیں ہر چیز سے مسئلہ کیوں ہے۔

XS
SM
MD
LG