رسائی کے لنکس

بھارت میں کرونا کے وار، کھلاڑی آئی پی ایل سے کنارہ کش ہونے لگے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس سے یومیہ جہاں تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں وہیں دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی جاری ہے۔ تاہم خدشات کے پیشِ نظر بعض کھلاڑیوں نے لیگ سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔

اب تک آسٹریلیا کے تین اور بھارت کے ایک کرکٹر نے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایونٹ میں شامل ٹیم راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بالر اینڈریو ٹائی اتوار کو ممبئی سے بذریعہ دوحا سڈنی کے لیے روانہ ہوئے جس کے بعد مزید دو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چونتیس سالہ اینڈریو ٹائی نے آسٹریلوی ریڈیو 'ایس ای این' سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں کرونا کے خدشات موجود ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ لیگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعض کھلاڑی اپنے گھر واپس جانے کے لیے دستیاب فلائٹس کے متعلق جاننے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اینڈریو ٹائیو کے بعد پیر کو ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن بھی ایونٹ سے الگ ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے فیصلے سے متعلق اپنی فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔

زمپا اور رچرڈسن رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کھلاڑیوں کی دست برداری سے متعلق فرنچائز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس آسٹریلیا جا رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے بقایا میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

فرنچائز نے کہا کہ مینجمنٹ کھلاڑیوں کے فیصلے کا احترام اور ان کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنس سمیت 16 آسٹریلوی کرکٹر بھارت میں موجود ہیں جب کہ کوچز میں رکی پونٹنگ، سائمن کیٹچ، کمنیٹیٹر میتھیو ہیڈن، بریٹ لی اور مچل سالٹر لیگ کا حصہ ہیں۔

آئی پی ایل کی ٹیم دہلی کیپٹل کے کپتان روی چندرن ایشون نے بھی ایونٹ میں 'وقفہ' لینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ منگل سے دستیاب نہیں ہوں گے اور کرونا وائرس کے اس مشکل وقت میں اپنے اہلِ خانہ کو سپورٹ کریں گے۔

ایشون نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ صورتِ حال بہتر ہونے کی صورت میں وہ دوبارہ ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور فرنچائز اونرز اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ آئی پی ایل وائرس سے محفوظ ہے جس کا انعقاد تماشائیوں کے بغیر بائیو سیکیور ماحول میں ہو رہا ہے۔

ایونٹ میں اب تک 20 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں 56 میچز ہوں گے اور دوسرے مرحلے میں فائنل سمیت 14 میچز کھیلے جائیں گے۔ 51 روز تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا فائنل 30 مئی کو شیڈول ہے۔

بی سی سی آئی نے میچز کے لیے چنئی، ممبئی، کولکتہ، بنگلورو، احمد آباد اور دہلی کا انتخاب کیا ہے جہاں یہ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG