|
ویب ڈیسک _ ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر جمعرات کو آتش بازی کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی فضا جمعے کو دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ ترین ریکارڈ کی گئی ہے۔
نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے اور گہری اسموگ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعرات کو دیوالی کی تقریبات کے دوران شہریوں نے نئی دہلی میں آتش بازی پر پابندی کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے پٹاخے اور پھلجڑیاں چلائیں اور دیے بھی روشن کیے۔
سوئس فرم آئی کیو ایئر کے مطابق جمعے کی صبح نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 348 رہا جس کی وجہ سے نئی دہلی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر چلا گیا ہے۔
نئی دہلی کی مقامی حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ کچھ عرصے سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے دیوالی اور موسمِ سرما میں آتش بازی پر پابندی لگاتی آئی ہے۔
تاہم پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر جیل بھیجنے کے خطرے کے باوجود شہریوں کو آتش بازی سے روکنے میں انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بعض ہندو تنظیموں کا کہنا ہے کہ آتش بازی پر پابندی تہوار کو منانے میں مداخلت کے مترادف ہے جب کہ اس کے دلائل میں دہلی کی حکومت یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ پابندی کا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے۔
نئی دہلی میں جمعے کو شدید اسموگ کی ایک وجہ بھارت کے شمالی علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے بھی ہے۔ موسمِ سرما کے آغاز میں فصلوں کی باقیات جلانے سے ہر سال نئی دہلی کی ایئر کوالٹی انڈیکس متاثر ہونا شروع ہوجاتی ہے۔
(اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔)
فورم