رسائی کے لنکس

کراچی 6 اضلاع میں تقسیم، ضلع کورنگی وجود میں آگیا


اب تک کراچی ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی، ضلع وسطی اور ضلع ملیر میں منقسم تھا۔ لیکن منگل کو شہر میں ایک نئے ضلع ’کورنگی‘ کا اضافہ کردیا گیا

حکومت سندھ نے کراچی سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے شہر کو 6 اضلاع میں تقسیم کردیا ہے۔ چھٹے ضلع کا نام ’کورنگی‘ ہوگا۔ اس حوالے سے منگل کو باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

بورڈ آف ریونیو کے اس نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے اضلاع کی تعداد پانچ سے بڑھا کر چھ کرنے کا فیصلہ 31اکتوبر کو ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ہوا تھا، جبکہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام، ڈپٹی کمشنر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما بھی اجلاس میں میں شریک تھے۔

اب تک کراچی ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی، ضلع وسطی اور ضلع ملیر میں منقسم تھا۔ لیکن منگل کو شہر میں ایک نئے ضلع ’کورنگی‘ کا اضافہ کردیا گیا۔

ضلع کورنگی پہلے ضلع شرقی میں شامل تھا۔ تاہم، منگل سے اس کی حیثیت الگ شمار ہوگی۔ اس ضلع میں شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، کورنگی، لانڈھی اور گلستان جوہر کے علاقے شامل ہیں۔ صوبائی حکومت نے اس ضلع کا نقشہ بھی جاری کردیا ہے۔

ریونیو کے وزیر مخدوم جمیل زمان کا کہنا ہے کہ چھٹے ضلع کے قیام کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد کارفرما نہیں۔ اس کے قیام کا مقصد انتظامی معاملات کو بہتر بنانا ہے۔

نئے ضلع کی تشکیل کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ان کی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ایم کیو ایم اس فیصلے کی مخالف ہے اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔

ضلع ٹھٹھہ بھی تقسیم، حیدرآباد کی تیاری
اس سے قبل صوبہ سندھ کے ایک اور ضلع ’ٹھٹھہ‘ کو بھی دو اضلاع میں تقسیم کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ضلع سجاول وجود میں آیا۔ جبکہ، پی پی رہنما سندھ کے دوسرے سب سے بڑے شہر حیدرآباد کو بھی ضلع قاسم آباد کے نام سے تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے باقاعدہ ایک تجویز سامنے آچکی ہے۔
XS
SM
MD
LG