رسائی کے لنکس

دی پرنسیس: لیڈی ڈیانا کی زندگی کی عکاس دستاویزی فلم


یہ فلم 30 جون 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔(فائل فوٹو)
یہ فلم 30 جون 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔(فائل فوٹو)

آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہالی وڈ ہدایت کار ایڈپرکنز نے اپنی فلم 'دی پرنسیس' کے ذریعے لیڈی ڈیانا کی زندگی کے حالات و واقعات کو ایک نئے انداز سے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔

'دی پرنسیس مکمل طور پر آرکائیو فوٹیج پر مبنی دستاویزی فلم ہے جس میں شہزادی ڈیانا کے بچپن سے لے کر موت تک کی داستان پیش کی گئی ہے۔

یہ فلم 30 جون 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔اس فلم میں اس پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ ماضی اور حال میں بھی بادشاہت کے بارے میں عوام کا رویہ کیسا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کار ایڈ پرکنز نے کہا کہ انہوں نے اس دستاویزی فلم میں لیڈی ڈیانا، میڈیا اور عوام کے درمیان پیچیدہ تعلقات کھوجنے کی کوشش کی ہے اور وہ ناظرین سے جذباتی ردِ عمل کی امید رکھتے ہیں۔

ان کے بقول "ہماری امید تھی کہ ہم تمام آرکائیو فوٹیج کو ایک ٹائم مشین کے طور پر استعمال کریں تاکہ ناظرین کو ماضی میں لے جا کر کہانی کو دوبارہ زندہ کیا جا سکے۔"

لیڈی ڈیانا کی ہلاکت کے وقت ہدایت کار ایڈ پرکنز کی عمر 11 برس تھی اور وہ آج بھی اس وقت کی الجھن کو یاد کرتے ہیں جو انہوں نے محسوس کی تھی۔

ہدایت کار کو امید ہے کہ ان کی فلم سازی کے انداز سے ناظرین لیڈی ڈیانا کے ساتھ اپنے تعلق کا جائزہ لے سکیں گے۔

لیڈی ڈیانا نے سن 1981 میں 20 برس کی عمر میں برطانوی شہزادہ چارلس سے شادی کی تھی جس کے بعد وہ عالمی توجہ کا مرکز بنی تھیں۔ البتہ انہوں نے سن 1996 میں شہزادہ چارلس سے طلاق لے لی تھی۔

طلاق کےایک سال بعد سن 1997 میں لیڈی ڈیانا 36 برس کی عمر میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG