’جیو ٹی وی‘ پر نشر ہونے والی نئی ڈرامہ سیریل ’میری ہر نظر تیری منتظر‘ میں محبت کی خوبصورت ڈور سے بندھے لوگوں کی زندگی میں آنے والی خوشیوں اور مشکلات کی عکاسی کی گئی ہے۔
محمد خرم کی ڈائریکٹ کردہ سیریل میں میڈیکل کالج میں پڑھنے والے عدن و وقار اور منور و سلمیٰ کے درمیان پروان چڑھنے والی محبت اور اس کی راہ میں حائل مشکلات کو دکھایا گیا ہے۔
پبلسٹی فرم، ’فری جینسی‘ کی جانب سے ’وائس آف امریکہ‘ کو جاری معلومات کے مطابق ’میری ہر نظر، تیری منتظر‘ دو جوڑوں کی محبت اور محبت کے حصول میں آنے والی رکاٹوں کی کہانی ہے۔ منور اور سلمیٰ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ منور تو وقار اور عدن کی محبت کو سراہتا ہے، لیکن سلمیٰ کو لگتا ہے کہ وقار دولت حاصل کرنے اور امیر بننے کے لئے عدن کے خوابوں سے کھیل رہا ہے۔
وقار اور عدن کی محبت میں ایک اور مشکل اس وقت آتی ہے جب عدن کے والد کرنل اسحاق عدن سے شادی کے لئے شرط رکھتے ہیں۔کرنل اسحاق وقار سے کہتے ہیں کہ رشتہ طے کرنے کے لئے اگر وہ اپنے والدین کو لائے گا تو وہ عدن کی شادی اس سے کریں گے۔ وقار کے والدین بھی اس رشتے سے ناخوش تھے اس لئے دونوں خفیہ شادی کرلیتے ہیں۔
وقار اور عدن کا رشتہ زیادہ دن زمانے کی نظروں سے چھپا نہیں رہتا اور نتیجے میں عدن کے والد کرنل اسحاق اس سے قطع تعلق کر لیتے ہیں۔
دوسری طرف وقار کے والدین عدن کا جینا دوبھر کر دتیے ہیں اور وقار کی حمایت اور ہمدردی بھی عدن کے کچھ کام نہیں آتی۔
عدن دوبارہ کبھی اپنے والد سے مل پائے گی؟ وقار اور عدن کی محبت ہر طوفان سے گزر کر کامیاب ہوگی؟’
’میری ہر نظر تیری منتظر‘ کی کاسٹ میں فردوس جمال، سمن انصاری اور دیگر شامل ہیں۔