رسائی کے لنکس

باپ بیٹی کے خوبصورت رشتے کی کہانی’بابل کا انگنا‘


مہوش کی شادی دھوم دھام سے ہو جاتی ہے۔ لیکن، کوئی نہیں جانتا کہ بدقسمتی گھات لگائے اس کا انتظار کر رہی ہے۔ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی حارث کا قتل ہوجا تا ہے اور مہوش کو واپس اپنے ’بابل کے انگنا‘ کا رخ کرنا پڑتا ہے

باپ اور بیٹی کا تعلق اپنے اندر بہت سے ہی خوبصورت رنگ سمیٹے ہوتا ہے اور انہی رنگوں کو انتہائی خوبی سے پیش کیا گیا ہے، ’جیو ٹی وی‘ سے نشر ہونے والی ڈرامہ سیریل ’بابل کا انگنا‘ میں۔

’بابل کا انگنا‘ کی مرکزی کردار مہوش ایک ایسی لڑکی ہے جس کا خواب عام لڑکیوں کے برعکس شادی بیاہ نہیں، بلکہ وہ اعلی تعلیم حاصل کرکے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا اور اپنی علیحدہ شناخت بنانا چاہتی ہے۔

مہوش کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے اس کے والد بھرپور ساتھ دیتے ہیں جبکہ والدہ روایتی ماوٴں کی طرح مہوش کی جلد سے جلد شادی کرکے اسے اپنے گھر رخصت کرنا چاہتی ہیں، تاکہ مہوش کے بعد اس کی چھوٹی بہن سحرش کی بھی شادی کرسکیں۔

مہوش کی زندگی میں اس وقت ہلچل مچ جاتی ہے جب ایک امیر اور خوبصورت شخص حارث مہوش کی محبت میں مبتلا ہوکر اس کے والدین سے اس کا ہاتھ مانگتا ہے۔ حارث مہوش کے والد کو یہ یقین دلاتا ہے کہ وہ مہوش کے اعلی تعلیم کے خواب کو پورا کرے گا اورشادی کے بعد مہوش کو تعلیم کے حصول میں مدد دے گا۔

مہوش کی شادی دھوم دھام سے ہو جاتی ہے۔ لیکن، کوئی نہیں جانتا کہ بد قسمتی گھات لگائے اس کا انتظار کررہی ہے۔ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی حارث کا قتل ہوجا تا ہے اور مہوش کو واپس اپنے ’بابل کے انگنا‘ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

مہوش کی زندگی حارث کی موت کے بعد تکلیف دہ ہو جاتی ہے، کیونکہ میکے واپس آنے کے بعد مہوش کی اپنی ماں، بہن اور چچی اپنے ترش اورخراب رویے سے مہوش کا جینا مشکل کردیتی ہیں۔

مہوش کی قسمت کیا کوئی خوشگوار موڑ بھی لے گی؟ کیا مہوش اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکے گی؟ یہی جاننے کے لئے ناظرین ’بابل کا انگنا‘ کی نئی قسط کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔

چینل کی جانب سے ’وائس آف امریکہ‘ کو جاری معلومات کے مطابق ’بابل کا انگنا‘ کی کہانی محمد آصف نے لکھی ہے اور اسے تحسین خان نے ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ کاسٹ میں شامل ہیں سلیم شیخ، ماہم عامر، محسن گیلانی، غزالہ بٹ اور شان بیگ۔

XS
SM
MD
LG