رسائی کے لنکس

’ہیر‘، حالات کے خلاف جنگ لڑنے والی ایک بہادر لڑکی کی کہانی


گاوٴں کے کچھ لوگ ٹریننگ سینٹر کھولنے کو اپنی روایات سے بغاوت تصور کرتے ہیں اور ہیر کے خلاف آکھڑے ہوتے ہیں۔۔ یہیں سے ہیر کی مشکلات کا آغاز ہوتا ہے۔یہاں تک کہ اپنی جان بچانے کے لئے ہیر کو اپنی محبت اور گاوٴں کے چوہدری کے بھانجے ابراہیم کو چھوڑ کر شہرجانا پڑتا ہے

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’جیو‘ سے رواں ہفتے ہی ایک نیا ڈرامہ سیریل ’ہیر‘ شروع ہوا ہے جس کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک چھوٹے سے گاوٴں کی رہائشی ہے۔ وہ روشن خیال اور بہادر ہے۔ ساتھ ہی وہ اپنی ہم عمر لڑکیوں کے لئے کچھ کرنا چاہتی ہے۔

’جیو‘ کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری کردہ معلومات کے مطابق ’ہیر‘ اپنی ترقی پسند طبیعت کے لحاظ سے گاوٴں کی لڑکیوں کی تربیت اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اپنے علاقے میں ایک چھوٹا سا ہینڈی کرافٹ سینٹر کھولتی ہے۔ اس کام میں ایک این جی او کی ملازمہ گیتی آرااس کی مدد کرتی ہے۔

لیکن گاوٴں کے کچھ لوگ ٹریننگ سینٹر کھولنے کو اپنی روایات سے بغاوت تصور کرتے ہیں اور ہیر کے خلاف آکھڑے ہوتے ہیں۔۔یہیں سے ہیر کی مشکلات کا آغاز ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اپنی جان بچانے کے لئے ہیر کو اپنی محبت، اور گاوٴں کے چوہدری کے بھانجے ابراہیم کو چھوڑ کر شہر جانا پڑتا ہے۔

شہر آکر بھی ہیر کو بہت سے نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وہ جیسے تیسے کرکے دن گزارتی ہے۔ اسی دوران چوہدری صاحب انتقال کرجاتے ہیں۔ ہیر گاوٴں لوٹتی ہے تو ابراہیم کی شادی کہیں اور ہوچکی ہوتی ہے جبکہ نئے امتحان بھی اس کے منتظر ہوتے ہیں۔

ہیر ان تمام آزمائشوں سے نکلنے میں کامیاب ہو پاتی ہے یا نہیں، یہ سب آپ ’ہیر‘ کی مختلف اقساط میں دیکھ سکیں گے۔

’ہیر‘ کی کہانی منصور سعید اور ظفر الٰہی نے لکھی ہے اور کاسٹ میں مدیحہ امام، یاسر علی خان،اسد صدیقی،سیمی پاشا،ذہین طاہرہ،صائم علی ،اسلم شیخ اور دیگرشامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG