رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: برطانیہ میں ہلاکتیں 40،000 سے تجاوز کر گئیں


برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 40 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جو اس سے پہلے کے اندازوں سے کم از کم آٹھ ہزار زیادہ ہے۔

روس میں ہلاکتوں کی تعداد خاصی کم ہے۔ لیکن، وہ مریضوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ برازیل میں بھی صورتحال قابو سے باہر ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں روزانہ سیکڑوں افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق منگل تک برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ساڑھے 32 ہزار تھی۔ لیکن، برطانیہ کے محکمہ شماریات کے مطابق ملک میں کم از کم 40 ہزار افراد عالمگیر وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ 40 ہزار افراد وہ ہیں جن کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر موت کی وجہ کرونا وائرس درج ہے۔ اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ مزید ہزاروں افراد کی موت میں کرونا وائرس نے ان کی بیماریوں میں مزید پیچیدگی پیدا کی ہوگی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 627، برازیل میں 408، فرانس میں 348، ایکویڈور میں 182، اسپین میں 176، کینیڈا میں 174، اٹلی میں 172، بھارت میں 121، میکسیکو میں 108 اور روس میں 107 مریض چل بسے۔

مزید جن ملکوں میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ان میں پیرو، سویڈن، بیلجیم، نیدرلینڈز، ترکی اور جرمنی کے علاوہ پاکستان کا نام بھی شامل ہے، جہاں 24 گھنٹوں میں 57 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

امریکہ میں منگل کی سہہ پہر تک 1325 ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد کل تعداد 83 ہزار سے بڑھ گئی تھی۔ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 14 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

15 ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جن میں نیویارک 27 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست اور اس کی پڑوسی ریاست نیوجرسی ساڑھے 9 ہزار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیویارک میں مریضوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ اور نیوجرسی میں ایک لاکھ 40 ہزار ہے۔

امریکہ اور برطانیہ کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں یہ تعداد 30911 ہے۔ فرانس میں 26991، اسپین میں 26920 اور برازیل میں 12033 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

سب سے زیادہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ امریکہ میں ہوئے ہیں جن کی تعداد ساڑھے 98 لاکھ ہو چکی ہے۔ کل تک یہ تعداد ایک کروڑ ہونے کا امکان ہے۔ روس میں 58 لاکھ، اٹلی میں 26 لاکھ، جرمنی میں 27 لاکھ، اسپین میں 24 لاکھ اور برطانیہ میں 20 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک 15 لاکھ 70 افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے 2 لاکھ 76 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 80 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 47 ہزار، اٹلی کے ایک لاکھ 9 ہزار اور ترکی کے 98 ہزار شہری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG