رسائی کے لنکس

اسمارٹ فونز کی نئی نسل


ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو معروف کمپنیوں 'نوکیا' اور 'مائیکروسوفٹ' نے جدید فیچرز سے آراستہ اپنے دو نئے اسمارٹ فونز متعارف کرادیے ہیں۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو معروف کمپنیوں 'نوکیا' اور 'مائیکروسوفٹ' نے جدید فیچرز سے آراستہ اپنے دو نئے اسمارٹ فونز متعارف کرادیے ہیں۔

'لومیا 820' اور 'لومیا 920' نامی ان جدید موبائل فونز کی تقریبِ رو نمائی بدھ کو نیویارک میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ اسمارٹ فونز میں وائر لیس چارجنگ کی سہولت موجود ہے جب کہ کیمروں کا معیار بھی بہتر بنایا گیا ہے ۔

دونوں موبائل مائیکروسوفٹ کے نئے آپریٹنگ سسٹم 'ونڈوز 8' سے آراستہ ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 'نوکیا' کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن ایلپ نے اپنی کمپنی کی 'مائیکروسوفٹ' کے ساتھ شراکت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ 'نوکیا' کسی 'ایکو سسٹم' کا حصہ بنے۔

واضح رہے کہ 'ایکو سسٹم' سافٹ ویئر، ہارڈ ویئر اور ڈیجیٹل نیٹ ورکس کے ملغوبے پر مشتمل ٹیکنالوجی کا نام ہے۔ 'ایپل' اور موبائل فونز کے لیے 'اینڈرائڈ' نامی آپریٹنگ سسٹم متعارف کرانے والی 'گوگل' نے اپنے اپنے ایکو سسٹمز تشکیل دیے ہیں جو اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی مارکیٹ پر چھائے ہوئے ہیں۔

'یونی ورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا' سے منسلک موبائل کمپیوٹنگ کی ماہر ایلزبتھ فائف کا کہنا ہے کہ 'نوکیا' کے ساتھ شراکت داری قائم کرکے 'مائیکروسوفٹ' بھی اس نئی دنیا میں اپنے قدم جمانا چاہتی ہے۔

ایلزبتھ فائف کا کہنا ہے کہ 'مائیکروسوفٹ' اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم 'ونڈوز 8' کے بارے میں خاصی پر امید ہے جس کے کمپیوٹرز، اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر استعمال کے لیے علیحدہ علیحدہ ورشن متعارف کرائے جارہے ہیں۔

موبائل فون بنانے والی ایک اور معروف کمپنی 'موٹرولا'، جسے چند ماہ قبل 'گوگل' نے خرید لیا تھا، اپنے روایتی 'ریزر' نامی فون کے تین نئے ورژن عن قریب متعارف کرانے والی ہے۔

'نوکیا' کے اسمارٹ فونز کی طرح 'موٹرولا' کے موبائل بھی 'فور-جی' یعنی 'فورتھ جنریشن' نامی تیز رفتار نیٹ ورکس پر چلیں گے۔

اس کے علاوہ بھی اس میدان میں طبع آزمائی کرنے والی کئی کمپنیز عن قریب اپنی بعض نئی مصنوعات متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ 'ایمزن' اپنے 'کنڈل' نامی ای-ریڈر کا نیا ورژن متعارف کرانے والا ہے جب کہ آئندہ ہفتے 'ایپل' بھی 'آئی فون 5' ریلیز کرنے جارہی ہے۔

اکتوبر کے اواخر میں 'مائیکروسوفٹ' بھی اپنا نیا ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں پیش کرے گی جو 'ونڈوز 8' پر چلتا ہے۔
XS
SM
MD
LG