رسائی کے لنکس

اب ’بیسمنٹ‘ تراشے گا موسیقی کی دنیا کے نئے ستارے


بیسمنٹ پاکستان کے نوجوان گلوکاروں اور میوزیشنز کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے تین سال پہلے شروع کیا گیا تھا۔ اور اب تک یہ 45 کامیاب میوزیشنز متعارف کرا چکا ہے جبکہ سیزن فور کے ذریعے مزید نیا ٹیلنٹ سامنے آنے والا ہے ۔ پروگرام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

پاکستان میں فلمی اور غیر فلمی میوزک، فلم انڈسٹری کی طرح ہی نیا جنم لے کر نئے دور سے گزر رہا ہے۔بلا شبہ موسیقی کا یہ جنم اس کے چاہنے والوں اور ہر قسم کے حالات میں بھی اسے جلا بخشنے والوں کا ہمیشہ احسان مند رہے گا۔

حالیہ سالوں پر نظر ڈالیں تو موسیقی کے کچھ پروگرامز ایسے ضرور نظر آتے ہیں جن کی بدولت موسیقی نے ترقی کی اور نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا۔ ان پروگرامز میں ’کوک اسٹوڈیو‘ اور ’نیس کیفے بیسمنٹ‘ سرفہرست ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے آٹھ سیزن پیش ہوچکے ہیں جبکہ نئے آرٹسٹوں کے فن کے اظہار کا پلیٹ فارم ’نیس کیفے بیسمنٹ‘ کا چوتھا سیزن جلد پیش ہونے والا ہے۔

’نیس کیفے بیسمنٹ‘ پاکستان کے نوجوان گلوکاروں اور میوزیشنزکے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے تین سال پہلے شروع کیا گیا تھا اور اب تک یہ 45 کامیاب میوزیشنز متعارف کرا چکا ہے جبکہ سیزن فور کے ذریعے مزید نیا ٹیلنٹ سامنے آنے والا ہے۔ پروگرام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

سیزن فور سے وابستہ اور ملک کے گوشے گوشے سے ٹیلنٹ کو کھوج نکالنے والے زلفی کا کہنا ہے ’سیزن فور‘ دیکھنے والوں کو مایوس نہیں کریں گے، بلکہ سیزن فور میوزک انڈسٹری کو مزید ترقی دینے کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔‘

پچ میڈیا کی فریحہ رشید نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سیزن4 میں شامل نوجوان آرٹسٹ چننے کے لئے زلفی اور ان کی ٹیم نے جن تعلیمی اداروں کے دورے کئے ان میں زیبسٹ، نسٹ، لمز، آئی بی اے، جی آئی کے آئی، بی این یو اور ایف سی کالج شامل ہیں۔

پروگرام میں شمولیت کے لئے بہت سے نوجوانوں نے آن لائن بھی انٹریز بھیجیں۔ زلفی کے بقول پاکستانی نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو دریافت کرنا بہت دلچسپ تجربہ ہے۔

وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’سیزن4 ‘ کے لئے پچھلے تینوں سیزینز کے مقابلے میں بہت زیادہ انٹریز آئی ہیں۔ یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ لوگوں نے ہماری کاوش پر لبیک کہا ہے۔‘

وی او اے کے ایک سوال پر زلفی کا کہنا تھا کہ ’پروگرام میں میوزک سے محبت کرنے والے ہر شخص کے لئے کچھ نہ کچھ ایسا موجود ہے جو اسے پسند آئے گا۔ میوزک کے مختلف پہلووٴں کو پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے جسے نوجوان گلوکاروں اپنے اپنے انداز میں پیش کریں گے۔‘

’نیس کیفے سیزن4‘کے لئے آیشنز کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جن میں سے بہترین آرٹسٹوں کو 15 اکتوبر تک منتخب کرلیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG