رسائی کے لنکس

جگن کاظم: مارننگ شوز کے میزبانوں میں نیا اضافہ


جگن کاظم: مارننگ شوز کے میزبانوں میں نیا اضافہ
جگن کاظم: مارننگ شوز کے میزبانوں میں نیا اضافہ

اس وقت پاکستان کی فضاء میں سو سے زائد ٹی وی چینلز دیکھے جاتے ہیں۔ اور غالباً ہرنیوز اور تفریحی چینل پر مارننگ شوز بھی پیش کئے جاتے ہیں۔ شائستہ واحدی، مایا خان اور نادیہ خان نے مارننگ شوز سے ہی اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔ اب ان ناموں میں ایک اور نام کا اضافہ ہوگیا ہے اور وہ ہے جگن کاظم۔

جگن کاظم صبح کی نشریات میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوزسے پیش کئے جانے والے پروگرام 'یہ صبح تمہاری ہے' کی میزبان ہیں۔ گوکہ اس پروگرام کو شروع ہوئے ایک ماہ بھی نہیں ہوا لیکن جگن کاظم کا چہرہ میڈیا کے لئے نیا نہیں ہے۔ وہ میزبانی کے فرائض نبھانے سے پہلے ماڈلنگ اور اداکاری کرتی تھیں ۔

جگن کا اصل نام سیدہ مہربانو ہے اور 'نک نیم' جگنو ہے جبکہ کینیڈا کی فلم و فیشن انڈسٹری میں انہیں جے کاظم کے نام سے شہرت ملی۔ جگن نے ایف اے تک کی تعلیم لاہور سے حاصل کی لیکن گریجویشن کینیڈا سے کیا۔ وہ طالب علمی کے دور میں بھی اسٹیج ڈرامے کرتی رہی ہیں۔ جگن نے ماڈلنگ بھی کی اور 'پنک لوڈوز' نام سے بنے والی ایک انگریزی فلم میں بھی کام کیا۔ انہیں ایم ٹی وی ماڈل اور آف دی ائیر 2008ء کا بھی ایوارڈ مل چکا ہے۔

جگن نے پاکستان فلم انڈسڑی میں بھی کام کیا۔ ان کی چار اردو فلمیں 'خاموش رہو، چپ ، ہیلو کوئٹہ' اور 'بندہ یہ بن داس ہے' زیر تکمیل فلمیں ہیں ۔

ایکسپریس سے ان کا مارننگ شو 'یہ صبح تمہاری ہے' رواں ماہ ہی شروع ہوا ہے۔ شو میں سب کچھ وہی ہے جو باقی چینلز کے مارننگ شوز میں ہوتا ہے حالانکہ چینل کے باقی پروگرامز باقی تمام چینلز سے مختلف اور ہٹ کرہوتے ہیں مگر نہ جانے کیوں اس پروگرام میں روٹین سے ہٹ کر کچھ نہیں۔

مبصرین کے مطابق شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اتنے سارے ٹی وی چینلز کی موجودگی میں یہ سوچنا بہت مشکل ہوجاتا ہے کہ ان سب سے ہٹ کر کیا کیا جائے۔ مشہور شخصیات سے انٹرویو، فلم، ٹی وی، میوزک، فیشن، صحت، کھیل ، تجارت ۔۔۔ سب کچھ، سب ہی چینلز کے مارننگ شوز کا حصہ ہیں، سو 'یہ صبح تمہاری ہے' میں بھی یہی سب کچھ ہے۔

XS
SM
MD
LG