رسائی کے لنکس

نئے سال میں کئی امریکی ریاستوں میں نئے قوانین


لاس ویگاس میں ایک ووٹر کاؤنٹی ورکر کو بذریعہ ڈاک موصول ہونے والا بیلٹ پیپر تھما رہا تھا۔ (اے پی)
لاس ویگاس میں ایک ووٹر کاؤنٹی ورکر کو بذریعہ ڈاک موصول ہونے والا بیلٹ پیپر تھما رہا تھا۔ (اے پی)

امریکہ میں نیا سال نیویارک سٹی کے لیے نیا میئر جب کہ 50 ریاستوں میں سے کئی ایک میں نئے قوانین لے کر آیا ہے۔

ڈیمو کریٹ ایرک ایڈمز کو نومبر میں امریکہ کے سب سے بڑے شہر کا اگلا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ وہ میئر بل ڈی بلاسیو کی جگہ لے رہے ہیں جہنوں نے سال 2014 کے بعد دو مرتبہ بطور میئر خدمات انجام دی ہیں۔

نئے لیڈر کی تقریبِ حلف برداری ہفتے کو منعقد ہونا تھی لیکن کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے کیسز میں اضافے کے سبب اسے منسوخ کر دیا گیا۔

ادھر امریکہ کے شہر سیاٹل میں بھی نئے میئر بروس ہیرل ہفتے سے ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔

ریاست کی سطح پر جو نئے قوانین اس سال نافذ ہونے جا رہے ہیں ان میں کم از کم اجرت میں اضافے سے متعلق قوانین بھی شامل ہیں۔ جن ریاستوں میں اجرتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ان میں کیلی فورنیا، میسا چوسٹس، نیو جرسی اور نیو میکسیکو شامل ہیں۔

ان قوانین کی منظوری ریاستوں کے قانون ساز ادارے اور گورنرز دے چکے ہیں۔ بعض ریاستوں میں کم از کم اجرت میں اضافہ مختلف مراحل میں آئندہ کئی برسوں کے دوران ہو گا۔

جانوروں کے حقوق، ووٹ ڈالنے کے حقوق

ریاستِ ورجینیا میں ایک نیا قانون متعارف کرایا گیا ہے جو کاسمیٹکس تیار کرنے والی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کے جانوروں پر استعمال سے روکتا ہے۔

اس کے علاوہ ریاست واشنگٹن میں جو لوگ سنگین جرائم کے لیے جیل کاٹ چکے ہیں اب وہ جیل سے نکلتے ہی اپنے ووٹ کا حق دوبارہ حاصل کر لیں گے۔

ریاست نیواڈا اپنے لوگوں کے ووٹ ڈالنے کے عمل کو آسان بنا رہی ہے اور اس نے ایک قانون بنایا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ ہر رجسٹر ووٹر کو ہر طرح کے انتخاب سے قبل گھر پر بیلٹ پیپر موصول ہو۔

رفاہی اداروں کو ٹیکس میں چھوٹ

ریاست ٹیکساس میں ایک نیا قانون ایسے فلاحی گروپس کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دیتا ہے جو بے گھر افراد کو رہائش کی سہولت یا دیگر امداد فراہم کرتے ہیں۔

ریاست الی نوائے میں جو لوگ ریستورانوں یا ٹرک اسٹاپس پر کام کرتے ہیں ان کو اس بارے میں تربیت دی جائے گی کہ وہ انسانی اسمگلنگ کی ممکنہ صورت کو بھانپ سکیں اور حکام کو مشتبہ کیسز کے بارے میں اطلاع دے سکیں۔

نیویارک شہر کے نئے مئیر ایرک ایڈمز گزشتہ نومبر میں اپنے انتخاب کے بعد ویٹرنز کی پریڈ میں شریک ہیں (اے ایف پی فائل)
نیویارک شہر کے نئے مئیر ایرک ایڈمز گزشتہ نومبر میں اپنے انتخاب کے بعد ویٹرنز کی پریڈ میں شریک ہیں (اے ایف پی فائل)

اسی طرح ریاست نیو ہیمپشر میں نیا قانون ایسے افراد کے خلاف سزاؤں کو سخت بنانے کا متقاضی ہے جنہیں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے جرم میں کئی بار سزا ہو چکی ہے اور ان کے ہاتھوں حادثات میں دوسرے لوگ زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔

ریاست کولوراڈو میں ایک نیا قانون ایسے افراد کے لیے مقدمات کا اندراج آسان بناتا ہے جنہیں بچپن میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ قانون اس طرح کے مقدمات کی حد کی موجودہ شق کو ختم کرتا ہے۔

صحت سے متعلق قوانین

مونٹانا ان ریاستوں میں شامل ہو رہی ہے جنہوں نے تفریح کی غرض سے بھنگ کی فروخت کی اجازت دے رکھی ہے۔ بھنگ کی فروخت ریاست کے ان حصوں میں قانونی طور پر جائز ہو گی جہاں ووٹروں کی اکثریت نے اس کی منظوری دی ہو گی۔

علاوہ ازیں ریاست میزوری میں ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے والے اداروں کو پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ مخصوص ذہنی مسائل کے لیے بھی کوریج کو اپنے پلانز کا حصہ بنائیں۔

XS
SM
MD
LG