رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ: ویکسین کی دستیابی کے بعد کووڈ سے متعلق حکمت عملی تبدیل


وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن (فائل فوٹو)
وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن (فائل فوٹو)

نیوزی لینڈ کویڈ 19 کے خاتمے کی اپنی اسٹریٹیجی ترک کر رہا ہے۔ پیر کے روز وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ یہ تبدیلی اس انداز میں کی جا رہی ہے جو ہم وقت کے ساتھ ساتھ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

بقول ان کے، ڈیلٹا ویرئینٹ نے تبدیلی کے انداز کو تیز تر کر دیا ہے، ویکسینز اس کی مدد کریں گی۔

نیوزی لینڈ میں انتہائی تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویرئینٹ کی آمد نے ملک میں گزشتہ سال کویڈ 19 کے کیسز کی تعداد کم کر کے زیرو تک لانے کے طریقہ کار کو دہرانا مشکل کر دیا ہے۔ عہدے داروں نے پیر کے روز کویڈ 19 کے 29 نئے کیسز کی اطلاعات دیں۔

نیوزی لینڈ میں کویڈ 19 کے سب سے زیادہ کیسز آک لینڈ میں سامنے آئے جہاں پچاس دن کا لاک ڈاون نافذ کیا جا چکا ہے۔

پیر کے روز ایک نیوز کانفرنس کے دوران جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ایک لمبے عرصے تک کویڈ 19 کی روک تھام کے لئے عائد سخت پابندیوں کے باوجود اس کا مکمل طور پرخاتمہ نہیں ہو سکا۔ مگر یہ پابندیاں اس لئے اہم تھیں کہ aاس وقت ہمیں ویکسنز دستیاب نہیں تھیں۔

تاہم، انھوں نے کہا کہ اب ویکسینز ہمارے پاس موجود ہیں۔ اسلئے ہم جس انداز میں کام کر رہے تھے اس کی تبدیلی کا آغاز کر سکتے ہیں۔

جانز ہاپکنز کے کورونا وائرس ریسورس سنٹر نے پیر کی صبح تک نیوزی لینڈ میں کویڈ 19 کی انفیکشنز کے 4383 کیسز اور 27 اموات کی اطلاع دی۔

نیو یارک سٹی کے ایجو کیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اسکولوں میں کام کرنے والے ہر کارکن کے لئے کویڈ 19 کے خلاف ویکسی نیشن لازم قرار دینے کا حکم پیر سے نافذ ہو گیا ہے۔ اسکولوں کے عہدے دار یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ جن ملازمین نے اس حکم کی تعمیل نہیں کی ہے ان کی جگہ کتنے متبادل اساتذہ اور اسٹاف ممبرز متعین کرنے کی ضرورت ہے۔

اسکول کے عملے کے جن ارکان نے پیر کے روز سے ویکسی نیشن کا ثبوت فراہم نہیں کیا انہیں بغیر تنخواہ کی چھٹی کے درجے میں رکھ دیا جائے گا۔

نیو یارک کے مئیر بل ڈی بلاسیو نے ٹیلی وژن پر ایک انٹرویو میں کہا کہ "میں امریکہ کے ہر مئیر پر زور دوں گا کہ اب وہ ایسا ہی کریں۔ موسم سرما سے قبل ان ویکسینز کو لازمی قرار دے دیں جب حالات اور مشکل ہو جائیں گے "۔

نیو یارک سٹی کا اسکول ڈسٹرکٹ امریکہ کا سب سے بڑا ڈسٹرکٹ ہے۔

اتوار کے روز اسرائیل نے کہا کہ صرف ان لوگوں کو ڈیجیٹیل ویکسین پاسپورٹ پر مکمل طور پر ویکسی نیٹڈ خیال کیا جائے گا جو کویڈ 19 کی دونوں ویکسینز اور ایک بوسٹر شاٹ لے چکے ہیں یا وہ جو حال ہی میں کویڈ 19 سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

عہدے دار توقع کر رہے ہیں کہ نیا اقدام اسرائیلیوں کو اپنے بوسٹر شاٹس لگانے پر آمادہ کرے گا۔ اپنے ویکسین پاسپورٹ پر تیسری خوراک کے اندراج کے بغیر لوگوں کو عوامی بلڈنگز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ادھر، روس کی کورونا وائرس کی نیشنل ٹاسک فورس نے اتوار کے روز 890 اموات کی اطلاع دی۔ ٹاسک فورس نے یہ بھی کہا کہ اتوار کے روز کورونا وائرس کے لگ بھگ 25800 نئی انفیکشنز کی اطلاع ملی جو پینڈیمک کے آغاز سے اب تک اس سال کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔

جانز ہاپکنز ری سورس سنٹر کے مطابق، روس نے عالمی وبا کے آغاز سے اب تک کویڈ 19 سے تقریباً دو لاکھ پانچ ہزار اموات کی خبر دی ہے۔ روس میں کورونا وائرس سے لگ بھگ 75 لاکھ لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں ، جس کی آبادی چھ کروڑ ستر لاکھ ہے، عالمی وبا کے آغاز سے اب تک 79 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جو یورپ میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

[اس رپورٹ کے لئے کچھ معلومات ایسو سی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے لی گئی ہیں]

XS
SM
MD
LG