رسائی کے لنکس

ویلنگٹن ٹیسٹ: اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کو شکست


نیوزی لینڈ نے مہمان انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک رن سے ڈرامائی انداز میں شکست دے کر دو میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی جب کہ اس میچ میں کیویز ٹیم دو ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ دنیا کی تیسری ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں فالو آن ہونے کے باوجود میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل 1894 اور 1981 میں انگلینڈ جب کہ 2001 میں بھارت کی ٹیم یہ کارنامہ انجام دے چکی ہے۔

اسی طرح ویسٹ انڈیز کے بعد نیوزی لینڈ وہ دوسری ٹیم بن گئی ہے جو کہ صرف ایک رن کے فرق سے ٹیسٹ میں فاتح بن کر گراؤنڈ سے باہر آئی ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 435 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں کیویز ٹیم 209 رنز پر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی اور دوسری اننگز میں 483 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 257 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن منگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری روز انگلش ٹیم256 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی سمیت چار کیویز بالرز نے انگلش بیٹںگ لائن کو آزمائش میں ڈالے رکھا اور اعصاب شکن مقابلے میں کیوی بالرز ٹیم کو کامیابی دلانے میں کامیاب رہے۔

نیل ویگنر نے 62 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹم ساؤتھی تین اور میٹ ہینری دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ کےہیری بروک پہلی اننگز میں 186 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے جب کہ جو روٹ نے 153 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسری اننگز میں 132 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 267 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG