نیویارک کے ایک کیب ڈرائیور احمد شریف نے، جسے ایک شخص نے چاقو مارکر زخمی کردیاتھا،اسلام دشمنی اور مسلمانوں سے نفرت ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔کیب ڈرائیوروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ نیویارک میں ایک مسجد اور اسلامی ثقافتی مرکز کی تعمیر کے ا علان کے بعد سے اسلام دشمن جذبات میں اضافہ ہورہاہے۔
نیویارک کے میئر بلوم برگ نے ایک مسلمان کیب ڈرائیور پر حملے کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ کبھی نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے جمعرات کے روز سٹی ہال میں کیب ڈرائیور احمد شریف اور ان کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ کیب ڈرائیور پر حملے کا لوئرمین ہٹن میں مسجد کی تعمیر کے مسئلے سے کوئی تعلق ہے۔
لوئر مین ہٹن کا گراؤنڈ زیرووہ مقام ہے جہاں 11 ستمبر 2001ء کو القاعدہ کے دہشت گردوں نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دو بلند وبالا عمارتوں سے مسافر طیارے ٹکرا کر انہیں منہدم کردیا تھا۔ ان حملوں میں ایک اندازے کے مطابق 2600 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کچھ قانون سازوں اور نقادین کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیر کا منصوبہ ان لوگوں کے لیے ایک حساس معاملہ ہے جن کے پیارے نائین الیون کا نشانہ بن گئے تھے۔ لیکن تعمیر کے حامیوں کا کہناہے کہ مجوزہ مسجد مغرب اور مسلم دنیا کے درمیان ایک پل کا کام دے گی اوراس سےفاصلے دور کرنے میں مدد ملے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیب ڈرائیور احمد شریف کو منگل کے روز ایک مسافر نےتھپڑ مارے اوراس پرچاقو کے کئی وار کیے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 21 سالہ مائیکل اینرائٹ نے یہ تصدیق کرنے کے بعد کہ کیب ڈرائیور مسلمان ہے، اس پر حملہ کیا تھا۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اینرائٹ حملے کے وقت نشے میں تھا ۔ اس کے خلاف نفرت کی بنیاد پر قتل کی کوشش کرنے اور کئی دوسرے الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کیب ڈرائیور احمد شریف کا کہنا ہے کہ وہ 25 سال سے زیادہ عرصے سے نیویارک میں رہ رہا ہے، لیکن اسے عدم تحفظ کی اس جیسی صورت حال کا پہلے کبھی سامنا نہیں ہوا۔
احمد شریف کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔
اینرائٹ ، کالج کا طالب علم ہے اور نیویار ک شہر سے باہر رہتا ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ حال ہی میں افغانستان گیاتھا۔ اور وہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کے ساتھ ایک رضاکار کے طور بھی کام کرچکاہے۔
صدر براک اوباما یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ گراؤنڈ زیرو کے قریب مسجد کی تعمیر کے مسلمانوں کے حق کی حمایت کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی آئین ہر مذہب کے پیروکاروں کو اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے اور اور اپنی عبادت گاہ تعمیر کرنے کا حق دیتا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہیں گے کہ آیا ایسا کرنا دانش مندانہ اقدام ہوگا۔