نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارٹن کرو جمعرات کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 53 برس تھی اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
ستمبر 2014ء میں ان میں خون کے سرطان کی ایک قسم "ٹرمینل لمفوما" کی تشخیص ہوئی تھی۔
ان کا انتقال آکلینڈ میں ہوا اور اس وقت ان کے تمام اہل خانہ ان کے پاس موجود تھے۔
مارٹن کرو نے پسماندگان میں بیوہ لورائن ڈونز، بیٹی ایما اور سوتیلے بچے ہلٹن اور جسمین چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی آخری رسومات جمعہ کو ادا کی جائیں گی۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے مارٹن کرو کا شمار نیوزی لینڈ کے مایہ ناز کرکٹرز میں ہوتا تھا۔
انھوں نے 77 ٹیسٹ میچوں میں 17 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کے ساتھ 5444 رنز بنا رکھے تھے جس میں 299 رنز کی انفرادی اننگز بھی شامل ہے۔
مارٹن نے 143 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 4704 رنز بنائے اور اس میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 107 رنز تھا۔
انھوں نے 1982ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا اور اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھارت کے خلاف 1995ء میں کھیلا۔
1992ء کے کرکٹ عالمی کپ میں مارٹن کرو نے اپنی ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن اس ٹیم کو سیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہونا پڑا تھا۔
ان کے بھائی جیف کرو بھی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں لیں جب کہ ہالی ووڈ کے معروف اداکار و ہدایت کار رسل کرو ان کے قریبی عزیز ہیں۔