رسائی کے لنکس

برطانیہ : ویزے کے لیے ضمانتی رقم کی شرط


نائب برطانوی وزیراعظم نک کلیگ
نائب برطانوی وزیراعظم نک کلیگ

یہ قانون ایسے لوگوں کو نظر میں رکھ کر بنایا گیا ہے جن کا تعلق ایسے ممالک سے ہے جو برطانوی ویزا ایجنسی کی فہرست میں ''ہائی رسک کنٹریز'' کہلاتے ہیں ۔

برطانیہ کے نائب وزیر اعظم نک کلیگ نے اعلان کیا ہے کہ ایسے غیر ملکی افراد جو مختصر دورے پر برطانیہ آنے کے خواہشمند ہیں انھیں ویزا درخواست کے ساتھ برطانوی بارڈر ایجنسی کے پاس کم از کم ایک ہزار پاؤنڈ کی رقم بطور ضمانت جمع کرانی ہو گی۔

یہ شرط ایسے ممالک کے تعلق رکھنے والوں کے لیے ہے جو برطانوی بارڈر ایجنسی کی فہرست میں' ہائی رسک ' ملکوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

نائب وزیر اعظم نک کلیگ جو برطانوی کیبنٹ ہوم افئیر کمیٹی کے ممبر بھی ہیں، نے امیگریشن سے متعلق ایک نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ برطانیہ میں ایسے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد آباد ہے جو ویزے کی مدت ختم ہو جانے کے بعد بھی واپس اپنے ملک نہیں جاتے ہیں اور غیر قانونی حیثیت سے برطانیہ میں رہتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ اس خرابی کو دور کرنے کے لیے وہ ضمانت پر ویزا حاصل کرنے کی تجویز کا اعلان کر رہے ہیں۔ ‘‘

نک کلیگ نے امید ظاہر کی کہ اس طرح نہ صرف غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو روکا جاسکے گا بلکہ مزید لوگوں کو غیر قانونی ہونے اور برطانوی امیگریشن کے قانون کی خلاف ورزی کرنے سے بچایا جا سکے گا ۔

اس پالیسی کی وضاحت میں ان کا کہنا تھا کہ ، ایسے غیر ملکی افراد جو برطانوی ویزے کے امیدوار ہیں ، انھیں اپنی درخواست کے منظور ہوجانے پرکم از کم ایک ہزار پاؤنڈ یا اس سے زیادہ بڑی رقم بطور ضمانت برطانوی ویزا ایجنسی میں جمع کرانی ہو گی ۔ جبکہ انھیں ان کی یہ رقم اس وقت واپس ادا کی جائے گی جب وہ ویزے کی میعاد ختم ہوجانے پر برطانیہ چھوڑ کر جا رہے ہوں گے ۔

یہ قانون خاص ایسے لوگوں کو نظر میں رکھ کر بنایا گیا ہے جن کا تعلق ان ممالک سے ہے جو برطانوی ویزا ایجنسی کی فہرست میں ’ہائی رسک کنٹریز‘ کہلاتے ہیں ۔ یعنی ایسے ممالک جہاں کے باشندے زیادہ تر برطانوی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے میں ملوث پائے جاتے ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو
نائب وزیراعظم نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ، جو لوگ صرف کسی تقریب میں شرکت کی غرض سے برطانیہ جانے کے لیے ویزے کی درخواست دیں گے ان کے لیے یہ اضافی رقم بوجھ ہو گی لیکن اس سلسلے میں ویزا ایجنسی کا ادارہ طے کرے گا کہ اس طرح کے معاملے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جائے۔

انھوں نے ویزا ایجنسی کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ، اس نئی پالیسی پر اس سال کے آخر تک عمل درآمد شروع ہو جانا چاہیے جبکہ اس معاملے میں تمام اختیارات کا حق ویزا ایجنسی کو حاصل ہو گا جو اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ امیدوار سے کتنی رقم بطور ضمانت وصول کی جائے ۔

نک کلیگ نے وزیر داخلہ تھریسا مے سے کہا کہ ، جو لوگ غیر قانونی افراد کو کام دیتے ہیں ان کا جرمانہ دس ہزار سے بڑھا کر بیس ہزار پاؤنڈز کر دیا جائے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ ابتدائی طور پر اس منصوبے کا اطلاق پاکستان ،بنگلہ دیش اور انڈیا جیسے ممالک پر ہوگا ۔

برطانوی بارڈر ایجنسی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ہر سال آنے والے لاکھوں تارکین وطن کی تعداد کوہزاروں تک محدود کرنے کے لیے بنائی جانے والی نئی امیگریشن پالیسی کے نفاذ میں حکومت کو ہمارا تعاون حاصل ہو گا ۔
XS
SM
MD
LG