رسائی کے لنکس

نائجیریا صدرکے لیے تین جیٹ طیارے خریدے گا


نائجیریا نے کہا ہے کہ وہ صدر کے لیے تین نئے جیٹ طیارے خرید رہا ہے، جب کہ ملک آنے والے انتخابات اور بجلی کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے درکار رقوم اکٹھی کرنے کی کوشش میں سرگرداں ہے۔

وزیرِ اطلاعات ڈورا اَکون ایلی نے بدھ کے روز بتایا کہ کابینہ نے فرانس سے دو فالکن سیون ایکس جہاز اور امریکہ سے ایک گلف اسٹریم G550 خریدنے کے لیے منظوری دے دی ہے۔ اِن کی قیمت 15کروڑ ڈالر ہے۔
اَکون ایلی نے کہا کہ یہ رقم نائجیریا کی 2010ء کی بجٹ میں مختص کی گئی ہے۔

منگل کو، نائجیرین قانون دانوں نے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا جِس کی مدد سے حکومتیں رقوم ادھار لیتی ہیں، تاکہ 2011ء کے صدارتی انتخابات پر اُٹھنے والے 58کروڑ ڈالر جمع کیے جاسکیں۔
صدر گُڈ لَک جوناتھن نے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ بجلی کی سپلائی کی بہتری کی خاطر بجلی کی ترسیل کے نظام کے لیے 3.5بلین ڈالر کی رقم دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ نظام کے لیے رقوم حکومت، نجی سرمایہ کار اور بین الاقوامی مالی اور ترقیاتی ادارے مہیا کریں گے۔

XS
SM
MD
LG