شمالی کوریا کے سابق رہنما کِم جونگ اِل کی آخری رسومات پیانگ یانگ میں جاری ہیں جہاں ہزاروں عقیدت مند اس میں شریک ہیں۔
اقتدار کی باضابطہ طور پر سابق رہنما کے سب سے چھوٹے بیٹے کِم جونگ اُن کو منتقلی بھی دو روزہ تقریبات کا حصہ ہے۔
بدھ کو جب تقریبات کا آغاز ہوا تو دارالحکومت میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔ جلوس کی قیادت کرنے والی گاڑی پر انجہانی رہنما کی بہت بڑی تصویر رکھی گئی تھی، جب کہ اس کے پیچھے چلنے والی گاڑی میں سفید پھولوں پر کِم جونگ اِل کا قومی پرچم میں لپٹا تابوت رکھا ہوا تھا۔
جن سڑکوں سے یہ جلوس گزرا ان کے دونوں اطراف لوگ قطاروں کی شکل میں موجود تھے اور اُنھوں نے تابوت تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے اُن کو ایسا کرنے سے روک دیا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والے مناظر میں دکھایا گیا کہ جب تابوت والی گاڑی کمسوسن میموریئل محل سے نکلی تو کَم جونگ اُن اس کے برابر میں پیدل چل رہے تھے۔ اُنھوں نے اپنا سر نگوں کیا اور پھر دایاں ہاتھ بلند کرکے سلوٹ کیا۔
مبصرین کے خیال میں یہ تقریبات سابق رہنما کے والد اور شمالی کوریا کے بانی صدر کَم اِل سنگ کے 1994ء میں ہونے والی آخری رسومات سے ملتی جلتی ہوں گی۔
کَم جونگ اِل کی 17 دسمبر کو حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث موت کے بعد سے سرکاری ٹی وی مسلسل ایسے مناظر نشر کر رہا ہے جس میں شہری غیر معمولی رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔