رسائی کے لنکس

پاکستانی سنیما عید کی خوشیوں کے باوجود سنسان


عید کے موقع پر پاکستانی باکس آفس پر صرف تین فلمیں نمائش کے لئے پیش کی گئیں۔ ایک اردو اور 2 پنجابی۔ پنجابی فلمیں چھوٹے بجٹ اور پرانی ٹیکنالوجی پر بنائی گئیں، جبکہ اردو فلم کو سلمان خان کی ’کک‘ نے اپنے آگے ٹکنے نہیں دیا

عیدکا تہوار، پاکستانی سلور اسکرین کے لئے آئندہ چند مہینوں میں ریلیز ہونے والی کچھ اچھی فلموں کی نوید کے علاوہ اس بار بھی کچھ نہ لاسکا۔۔ اور یوں سنیما ہالز عید پر بھی فلم بینوں کا انتظار ہی کرتے رہ گئے، حالانکہ ’وار‘،’میں ہوں شاہد آفریدی‘ اور کچھ دیگر فلموں کی کامیابی کے بعد اس بار لوکل باکس آفس پر بھرپور رونقیں متوقع تھیں۔

عید کی مناسبت سے صرف ایک اردو اور دو پنجابی فلمیں ہی ریلیز ہوسکیں ۔۔ان فلموں میں سب سے پہلے ذکر ڈائریکٹر فیصل بخاری کی فلم ’سلطنت‘ کا۔

’سلطنت‘ کی ریلیز سے پہلے ہی یہ چرچے ہونے لگے تھے کہ فلم پر پانی کی طرح پیسہ بہایا گیا ہے۔ یہاں تک، کہ شوٹنگ بھی دوبئی اور بینکاک کی مہنگی اور انتہائی خوب صورت لوکیشنز پر کی گئی ہے۔

فلم میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔ اِس کے لئے میوزک اور پوسٹ پروڈکشن کا سارا کام بھی بھارت میں مکمل کرایا گیا۔ لیکن، یہ سب کچھ بھی فلم بینوں کو اپنی جانب متوجہ نہ کرسکا۔

فیصل بخاری ’سلطنت‘ سے قبل ’بھائی لوگ‘ اور ’نو پیسہ نو پرابلم‘ بھی ڈائریکٹ کر چکے ہیں اور ان میں سے ’بھائی لوگ‘ نے تو بہت اچھا بزنس بھی کیا تھا۔ لیکن، اس بار ’سلطنت ‘سے ان کی امیدیں پوری ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔

اس کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ’سلطنت‘ کا مقابلہ 25جولائی کو ہی پاکستان بھر میں ریلیز ہونے والی بھارتی سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’کک‘ سے تھا جس کی پروموشن پر بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے، اسی لئے عید پر فلم بینوں کا زیادہ تر رخ اسی طرف رہا۔

مجموعی طور 70 اسکرینز میں سے 58 پر ’کک‘ کی نمائش جاری رہی جبکہ صرف 12 اسکرینز پر دیگر فلمیں لگی تھیں اس وجہ سے بھی پاکستانی فلموں کی کم نمائش ہوئی۔ وی او اے کے نمائندے نے کئی سنیماہالز کی انتظامیہ سے فلم بینوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات معلوم کیں جو مجموعی طور پر حوصلہ افزا نہیں۔

پاکستانی باکس آفس پر اردو فلم ’سلطنت‘ کے علاوہ 2 پنجابی فلمیں’جلوے‘ اور ’عیاش‘ بھی عید پر نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں۔ یہ دونوں فلمیں چھوٹے بجٹ کی تھیں، جبکہ ان کی ٹیکنالوجی اور کہانی بھی روایتی تھیں۔

XS
SM
MD
LG