نوبیل امن انعام 2016 کولمبیا کے صدر یوان مینوئل سانتوس کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نارویجئین نوبیل کمیٹی کی طرف سے جمعہ کو اعلان کیا گیا کہ اس سال امن کے نوبیل انعام کا حق دار کولمبیا کے صدر کو قرار دیا گیا ہے۔
کمیٹی کی طرف سے کہا گیا کہ صدر مینوئل سانتوس کو یہ انعام ملک میں لگ بھگ پانچ دہائیوں سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے کی جانی والی کوششوں پر دیا جا رہا ہے۔
دنیا کا معتبر ترین سمجھا جانے والا 'نوبل انعام' ہر سال ادب، معاشیات، امن، طب، طبیعات، کیمیا کے شعبوں میں اہم ترین دریافت اور تحقیق یا غیر معمولی ایجاد کے شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا کی حکومت اور باغی تحریک فارک کے درمیان گزشتہ ماہ تاریخی امن معاہدہ طے پایا تھا۔
کولمبیا میں 1960ء کی دہائی کے وسط میں شروع ہونے والے اس تنازع کے باعث ڈھائی لاکھ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے۔
افغانستان کے بعد کولمبیا دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بارودی سرنگیں ہیں اور ان کے دھماکوں سے 1990ء کے بعد سے ساڑھے گیارہ ہزار لوگ مارے جا چکے ہیں۔