رسائی کے لنکس

کووڈ-19 ویکسین کی تیاری میں مدد، طب کا نوبیل انعام دو امریکی سائنس دانوں کے نام


کووڈ-19 ویکسین کی تیاری کے لیے ریسرچ اور اس میں معاونت فراہم کرنے پر دو امریکی سائنس دان سال 2023 کے لیے طب کا نوبیل انعام جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

رائل سوئیڈشن اکیڈمی آف سائنسز کے پیر کو جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہنگرین نژاد امریکی بائیو کیمسٹ کیٹلن کریکو اور ڈریو ویس مین کو کووڈ-19 کے لیے مؤثر 'ایم آر این اے' ویکسین تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے پر اس انعام سے نوازا گیا ہے۔

دونوں سائنس دان پینسلوینیا یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔

جیوری کے مطابق دونوں سائنس دانوں کی ریسرچ کی بدولت کووڈ-19 کے لیے انتہائی مؤثر 'ایم آر این اے' ویکسین کی تیاری میں مدد ملی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں سائنس دانوں کی یہ تحقیق ایسے وقت میں کام آئی جب انسانی صحت کو حالیہ تاریخ میں کووڈ-19 کی وجہ سے سنگین خطرات کا سامنا تھا۔

سائنس دانوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈپلومہ، گولڈ میڈل اور 10 لاکھ ڈالر کا چیک دیا جائے گا۔ انعام دینے کی تقریب 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں ہو گی۔

طب کے شعبے کا یہ انعام رواں ہفتے دیے جانے والے پانچ انعامات میں سے پہلا نوبیل انعام ہے۔ رواں ہفتے فزکس، کمیسٹری، لٹریچر اور امن کے نوبیل انعام کا اعلان ہو گا جب کہ معاشیات کے انعام کا اعلان نو اکتوبر کو کیا جائے گا۔

یہ انعامات سوئیڈن کی ایک اہم شخصیت اور موجد الفریڈ نوبیل نے قائم کیے تھے جنہیں ان کی وصیت کے مطابق ہر سال تقسیم کیا جاتا ہے۔

نوبیل انعامات کی تقسیم کی تقریب ہر سال دسمبر میں اسٹاک ہوم میں ہوتی ہے۔

انعام کی مالیت سوئیڈن کے ایک کروڑ کرونا ہیں جو امریکی ڈالر میں نو لاکھ ڈالر سے کچھ زیادہ رقم بنتی ہے۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG