شمالی کوریا کے مرحوم رہنما کم جونگ ال کا جسد خاکی صدارتی مزار میں رکھا ہے جہاں سوگواروں کی ایک بڑی تعداد اس کا آخری دیدار اور تعزیت کے لیے جمع ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی پر منگل کو دکھایا گیا کہ شیشے کے ایک تابوت میں سرخ کمبل سے لپٹا مسٹر کم کا جسد خاکی رکھا گیا ہے۔ پیانگ یانگ کُم سوسان میموریل پیلس میں تابوت کے گرد بے شمار پھول بھی رکھے ہیں۔
سرکاری میڈیا پر بتایا گیا ہے کہ مرحوم رہنما کے سب سے چھوٹے بیٹے اور بظاہر ان کے جانشین کم جونگ اُن نے منگل کو اپنے والد کا آخری دیدار کیا اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے پیر کو اطلاع دی تھی کہ 69 سالہ مسٹر کم ہفتہ کو ریل کے سفر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ ایجنسی نے ’’ذہنی و جسمانی کام کی زیادتی‘‘ کو ان کی موت کا باعث بتایا۔
ان کی آخری رسومات 28 دسمبر کو ہوگی اور اطلاعات کے مطابق غیر ملکی وفود کو اس تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔