صدر براک اوباما نے القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں شامل اہلکاروں سے بند کمرے میں ملاقات کی ہے ۔ صدر اوباما نے جمعہ کو اُن اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے القاعدہ نیٹ ورک کے رہنماء کے خلاف اس کارروائی میں حصہ لیا۔
کینٹکی میں فورٹ کیمپبل(Fort Campbell) میں صدر اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں کیے جانے والے اس خطرناک آپریشن کی کامیابی پر اسپیشل فورسز کو مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے اس آپریشن میں شامل نیوی سیل کمانڈوز اور فوجی ہیلی کاپٹروں کے پائلٹوں سے خصوصی ملاقات میں اُنھیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس کے بعدامریکی فورٹ کیمپبل کے ایک حصے میں جمع سینکڑوں فوجیوں سے خطاب میں صدر اوباما نے کہا ”میں یہاں ایک مقصد کے لیے آیاہوں اور وہ ہے امریکی عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرنا۔ یہ ہماری قوم کی زندگی کا ایک تاریخی ہفتہ ہے“۔
صدر اوباما نے اُن تمام افراد کاشکریہ ادا کیا جنہوں نے بن لادن کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ جس دہشت گرد نے نائن الیون کو امریکہ پر حملہ کیا تھا اب کبھی امریکہ کو دھمکی نہیں دے گا۔
صدر اوباما نے بن لادن کی ہلاکت کو امریکہ کی تاریخ میں سب سے کامیاب فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن قرار دیاہے ۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ القاعدہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔