رسائی کے لنکس

امریکہ 9/11 کو کبھی نہیں بھولے گا، صدر اوباما


امریکہ 9/11 کو کبھی نہیں بھولے گا، صدر اوباما
امریکہ 9/11 کو کبھی نہیں بھولے گا، صدر اوباما

بعد ازاں صدر اوباما نے9/11 کےواقعے میں ہلاک ہونےوالوں کی 'ورلڈ ٹریڈ سینٹر' کےمقام پر تعمیر کردہ یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کرکے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ امریکہ 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کو کبھی نہیں بھولے گا۔

امریکی صدر نے یہ بات جمعرات کے روز نیویارک شہر کے فائر بریگیڈ کے عملے کے اس یونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس نے سب سے پہلے 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والے 'ورلڈ ٹریڈ سینٹر' پہنچ کر امدادی کاروائی انجام دی تھی۔ مذکورہ یونٹ سے تعلق رکھنے والے 15 فائرمین بھی حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔

بعد ازاں صدر اوباما نے 9/11 کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی 'ورلڈ ٹریڈ سینٹر' کےمقام پر تعمیر کردہ یادگار پرحاضری دی اور پھول چڑھائے۔ صدراوباما کے ہمراہ نیویارک کےسابق میئر روڈی جولیانی بھی موجودتھے۔

11/9 کے حملوں میں ہلاک ہونےوالے کئی افراد کےورثاء بھی 'گراؤنڈ زیرو' پر منعقدہ اس تقریب میں شریک تھے جن سے بعد ازاں امریکی صدر نے گفتگو بھی کی۔

وہائٹ ہائوس کے ترجمان جےکارنے نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا تھا کہ صدر اوباما القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد 11/9 حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء سے ملاقات کرکے ان کی "خوشی اور غم" میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔

دریں اثناء امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن نے امریکی دفاعی مرکز پینٹاگون میں تعمیر کردہ 9/11 حملوں کے ہلاک شدگان کی یادگار پر حاضری دی اور واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001ء کو کیے گئے ان حملوں میں لگ بھگ تین ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکہ کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری مسلم انتہاپسند تنظیم القاعدہ اور اس کے سربراہ اسامہ بن لادن پر عائد کی گئی تھی۔

بن لادن کو امریکی کمانڈوز نے رواں ہفتے کے آغازمیں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک خفیہ آپریشن کرکے ہلاک کردیا تھا۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما جمعہ کے روز کنٹیکی میں واقع فورٹ کیمپبیل کے فوجی مرکز کا دورہ کرینگے جہاں وہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کیلیے کیے جانے والے کامیاب آپریشن میں شریک امریکی فوجیوں سے ملاقات کرینگے۔

XS
SM
MD
LG