رسائی کے لنکس

ہر اندھیرے کے بعد اجالا ہے: صدر اوباما کا دیوالی پر پیغام


اپنے پیغام میں، صدر اوباما نے کہا ہے کہ ’اس تہوار پر دعا کرنے سے ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ تمام عقائد کے لوگ دوسروں کی خدمت یا ’سیوا‘ کرنے کا درس دیتے ہیں‘

ہندوؤں کے قدیمی تہوار ’دیوالی‘ کی آمد کی مناسبت سے، صدر براک اوباما نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ، ’ہندومت، جین مت، سِکھ اور بُدھ مت سے تعلق رکھنے والے اس ہفتے روشنیوں کا تہوار دیوالی منائیں گے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ،’یہ تہوار اُن چیزوں کی اہمیت واضح کرتا ہے جو ہماری زندگی میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں‘۔

اُن کے بقول، ’تہوار کے اس موقعے پر ناچ گانا، ہلا گلا اور طرح طرح کے پکوان ہمیں یہ باور کراتے ہیں کہ دراصل زندگی کی بڑی خوشیاں ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں ہیں، جو ہمیں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے سے حاصل ہوتی ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’اس موقعے پر دعا کرنے سے ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ تمام عقائد دوسروں کی خدمت یا ’سیوا‘ کرنے کا درس دیتے ہیں‘۔


صدر اوباما نے کہا کہ، ’دیئے کی جلتی لو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ بالآخر روشنی اندھیرے پر حاوی ہو جاتی ہے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، امریکہ میں بھی دیوالی کا تہوار ہمیں یہ باور کراتا ہے کہ امریکہ میں مختلف عقائد، مذاہب اور تہذیبوں کے لوگ بستے ہیں۔

امریکی صدر کے بقول، ’امریکہ میں پائے جانے والا یہی تنوع ہمیں مضبوط بناتا ہے‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ، ’مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اسی تنوع کی وجہ سے امریکہ میں امریکی ایوان ِنمائندگان میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز مل کر پہلی مرتبہ کانگریس کے صدر دفتر کیپیٹل ہل میں دیوالی منائیں گے‘۔

صدر اوباما کے الفاظ میں: ’گذشتہ پانچ برسوں میں، مجھے اور میری اہلیہ مشیل کو وائیٹ ہاؤس اور بھارت میں اس قدیمی تہوار کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ ہماری جانب سے دیوالی منانے والے تمام افراد کو دیوالی اور سالگرہ مبارک۔‘
XS
SM
MD
LG