صدر براک اوباما نے ہفتے کے روز پولینڈ کے راہنماؤں کے ان اقدامات کو سراہا جو وہ شمالی افریقہ اور مشرق وسطی ٰ میں جمہوریت نواز کارکنوں کی جدوجہد میں مدد کے لیے کررہے ہیں۔
پولینڈ کے اپنے دو روزہ دورے کے اختتام پر وزیر اعظم ڈونلڈ ٹکس کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ وارسا سویت کمیونسٹ اقتدار سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی اپنی تاریخ کے پیش نظر یورپ، شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں جمہوریت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
امریکی راہنما نے پولینڈ کو روس کے ساتھ واشنگٹن کے تعلقات کی حالیہ نئی نوعیت کے پس منظر میں ایک بار پھر یہ یقین دہانی کرائی کہ امریکہ اور پولینڈ یہ معاہدہ کرچکے ہیں کہ امریکہ 2012 ء میں پولینڈ میں اپنی ایئر فورس کی ایک تنصیب قائم کرے گا اور اس سے اگلے سال کے شروع میں پولینڈ کی ایئر فورس کو تریبت کی فراہمی کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے نیٹو معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے جس کے سب شراکت دار ایک دوسرے کا دفاع کرتے ہیں، پولینڈ کےساتھ واشنگٹن کے سیکیورٹی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ہفتے کی صبح صدر اوباما نے پولینڈ کے صدر برونسکلوکوموروسکی کے ساتھ ملاقات میں پولینڈ کی 1980 ء کی اس جدوجہد کو سراہا جس کااختتام اس ملک کی آزادی کی صورت میں ظاہر ہواتھا۔
صدر اوباما نے تین عشرے قبل پولینڈ کی جدوجہد کا موازنہ شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں جمہوریت کے حق میں چلائی جانے والی تحریکوں سے کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر انہیں تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
مسٹر اوباما نے اپنی تقریر میں پولینڈ کے ہمسایہ ملک بیلارس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جمہوریت کا فقد ان ہے۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکی کانگریس میں اس قانون سازی کی حمایت کررہے ہیں جس سے پولینڈ کے باشندوں کے لیے ویزے کی پابندیاں نرم ہوجائیں گی۔
مسٹر اوباما فرانس سے پولینڈ کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے جی ایٹ کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔پولینڈ امریکی صدر کے چھ روزہ دورہ یورپ کی آخری منزل تھی جس کا آغاز آئرلینڈ سے ہوا تھا۔