رسائی کے لنکس

ری پبلکنز قانون سازی نہیں ہونے دے رہے، اوباما کا شکوہ


صدر اوباما نے الزام عائد کیا کہ اہم معاملات پر ان کی تجویز کردہ قانون سازی کانگریس میں ری پبلکنز کے تاخیری حربوں کا شکار ہوگئی ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ کانگریس امریکی شہریوں کی فلاح کےلیے ضروری قانون سازی میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس کے باعث ان کی انتظامیہ کو اپنے تئیں اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔

ہفتے کو اپنے ہفتہ وار ریڈیائی خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ایوانِ نمائندگان کے ری پبلکن ارکان اس ہفتے واشنگٹن میں صرف اس لیے جمع ہوئے تھے تاکہ اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرنے پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی قرارداد پاس کرسکیں۔

صدر اوباما نے کہا کہ یہ قرارداد منظور کرنے کے بعد ری پبلکن ارکان اپنے پیچھے قانون سازی کا بہت سا ایسا کام ادھورا چھوڑ کر پانچ ہفتوں کی گرمائی تعطیلات پر روانہ ہوگئے جس کا تعلق امریکی باشندوں اور ملازمت پیشہ افراد کی فلاح و بہبود سے ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ ان کی حکومت ایسی پالیسیاں متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے جس کا تعلق ملازمتوں کے نئے مواقع اور طلبہ کو قرضوں کی فراہمی اور تنخواہوں میں اضافے سے ہے۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ان پالیسیوں کے نتیجے میں امریکی خاندانوں پر معاشی دباؤ میں آئے گی اور ان کی مالی حیثیت مستحکم ہوگی۔

لیکن انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے ان اقدامات سے متعلق قانون سازی کانگریس میں ری پبلکنز کے تاخیری حربوں کا شکار ہوگئی ہے۔

ادھر ری پبلکن جماعت کی جانب سے ہفتہ وار خطاب کرتے ہوئے شمال مغربی ریاست اوریگان سے ایوانِ نمائندگان کے منتخب رکن گریگ والڈن نے کہا کہ صدر اوباما کو اپنے فرائضِ منصبی ادا کرتے وقت دوسروں سے مشورہ کرنے کا خیال نہیں رہتا۔

گریگ والڈن نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کو حکومت کے احتساب کا موقع سمجھتے ہوئے اپنی رائے دیکھ بھال کر استعمال کریں۔

XS
SM
MD
LG