رسائی کے لنکس

بطور صدر، اوباما کے آخری ہفتے کی مصروفیات کی تفصیل جاری


ٹرمپ کے بطور امریکی صدر حلف اٹھانے کے بعد اوباما اور ان کی اہلیہ کیپیٹل سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اینڈریو فضائی اڈے پر جائیں گے

صدر براک اوباما اپنی منصب کی میعاد ختم ہونے سے دو دن قبل بدھ کو بطور امریکی راہنما ذرائع ابلاغ سے آخری ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو بطور اوباما کے بطور صدر آخری ہفتے کی مصروفیات کی تفصیلات جاری کیں۔

ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اوباما پیر کو 'شکاگو کبز' بیس بال ٹیم کی ورلڈ سیریز میں فتح کے جشن کے لیے اس کی میزبانی کریں گے۔ اسی روز وہ مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے یوم خدمت کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اوباما جمعرات کو بطور امریکی صدر اپنا آخری مکمل دن گزاریں گے اور اس دوران وائٹ ہاؤس سے منتقلی کے مرحلے کو حتمی شکل دیں گے۔ جمعہ کو وہ اور خاتون اول میشیل اوباما منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں چائے پر میزبانی کریں گے۔

ٹرمپ کے بطور امریکی صدر حلف اٹھانے کے بعد اوباما اور ان کی اہلیہ کیپیٹل سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اینڈریو فضائی اڈے پر جائیں گے جہاں وہ اپنی انتظامیہ میں کام کرنے والے کارکنوں سے الوداعی ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ اوباما یہاں سے آخری مرتبہ صدارتی طیارے پر روانہ ہو جائیں گے۔ تاہم ان کی منزل کے بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

اوباما نے واشنگٹن میں آٹھ کمروں پر مشتمل ایک گھر کرائے پر حاصل کر رکھا ہے جہاں وہ بطور صدر سکبدوش ہونے کے بعد رہائش کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ان کے اہل خانہ چھوٹی بیٹی ساشا کے ہائی اسکول کی تعلیم مکمل ہونے تک واشگنٹن میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اوباما خاندان ریاست ایلونوئے کے شہر شکاگو میں ایک گھر کا مالک ہے۔

XS
SM
MD
LG