صدر براک اوباما نےمنگل کے روز وائٹ ہاؤس میں ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النھیان سے ملاقات کی۔
’وائس آف امریکہ‘ کے وائٹ ہاؤس کے نامہ نگار ڈین رابنسن نے خبر دی ہے کہ دونوں راہنماؤں نے لیبیا میں نیٹو کی قیادت میں ہونے والی فوجی کارروائی اور خطے کے طول و ارض کے حالات پر گفتگو کی۔
ایک مختصر فوٹو سیشن کے بعد ہونے والی بات چیت میں میڈیا موجود نہیں تھا۔ گفتگو کے پہلے دور میں بات چیت کا ابتدائی دور ہوا، جب کہ دوسرے دور میں باہمی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
قطر کے بعد، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہے جو نیٹو کی قیادت میں لیبیا میں ہونے والی فوجی کارروائی میں شریک ہے، جس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1973کے تحت نو فلائی زون نافذ کرنے میں مدد دینے کے لیے اپنے طیارے بھیجے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے بات چیت پر ایک مختصر بیان جاری کیا ہے جِس میں اِسے نتیجہ خیز، وسیع تر امور پر محیط اور خطے میں یکساں اسٹریٹجک مفادات پر مرکوز قرار دیا گیا ۔ تاہم، اِس میں لیبیا کا ذکر نہیں کیا گیا یا وہاں کی فوجی کارروائی کے بار ے میں تفصیل بیان نہیں کی گئی۔
پریس سکریٹری جے کارنی نے کہا ہےکہ سارے علاقے کےوسیع تر امور پر بات چیت ہوگی۔