رسائی کے لنکس

اپنی تنہائی ختم کرنا ایران کے اختیار میں ہے، اوباما


امریکی صدر نے ویڈیو پیغام میں ایرانی عوام اور رہنماؤں کو نئے ایرانی سال کی مبارک باد بھی دی ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری تنازع پر جاری بین الاقوامی مذاکرات سے فائدہ اٹھا کر دنیا میں اپنی تنہائی ختم اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرے۔

امریکی صدر نے یہ بیان جمعرات کو جاری کیے جانے والے ایک ویڈیو پیغام میں دیا ہے جو ایران میں منائے جانے والے 'نوروز' کے تہوار کی مناسبت سے جاری کیا گیا ہے۔ پیغام میں صدر نے ایرانی عوام اور رہنماؤں کو نئے ایرانی سال کی مبارک باد دی ہے۔

ویڈیو پیغام میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ عالمی برادری کےساتھ جوہری تنازع کے خاتمے پر ایران کی یکسوئی اور سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں ایرانی عوام کی ان معاشی مشکلات کا خاتمہ ہوسکتا ہے جو انہیں حالیہ برسوں میں بین الاقوامی پابندیوں کے باعث جھیلنا پڑی ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر ایران دنیا کو اپنے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کا یقین دلانے کے لیے "معنی خیز اور قابلِ بھروسا اقدامات" کرے تو اس تنازع کے حل کی راہ نکل سکتی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں کے نمائندے ایرانی حکومت کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر کسی ایسے معاہدے پر اتفاقِ رائے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں جس کے ذریعے ایران کے لیے جوہری ہتھیاروں کا حصول ناممکن بنایا جاسکے۔

گزشتہ سال ایران اور ان چھ عالمی طاقتوں – امریکہ، برطانیہ، روس، چین، فرانس اور جرمنی – کے درمیان ایک عبوری معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت فریقین نے چھ ماہ کے اندر ایرانی جوہری پروگرام پر اپنے اختلافات دور کرنے پہ اتفاق کیا تھا۔

عبوری معاہدے کے تحت ایران نے بعض حساس جوہری سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں جس کے عوض اس پر عائد بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

مغربی ممالک کو شبہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ایرانی حکومت اس کی تردید کرتی ہے۔

فریقین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہتا ہے جس کا نیا دور سات اپریل سے ویانا میں ہوگا۔
XS
SM
MD
LG