انسانی حقوق کی عالمی تنظیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان اور امریکہ کی حکومت سے اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے آپریشن کی تفصیلات فراہم کرنے کا تحریری مطالبہ کیا ہے۔
لندن میں تنظیم کے سینئر ڈائریکٹر کلاڈیا گورڈن نے وائس آمریکہ سےبات چیت میں کہا کہ القاعدہ کے سربراہ کو زندہ گرفتار کرنے اور اُس پر مقدمہ چلانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیئے تھی۔
اُنھوں نے کہا کہ القاعدہ کے سربراہ کے خلاف کیے گئے آپریشن پرادارے نے کئی سوالات اُٹھائے ہیں۔
کلاڈیا نے مزید کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشل نے اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے آپریشن کے اصل حقائق معلوم کرنے کے لیے پاکستان اور امریکی حکومت کو باقاعدہ تحریری درخواست دے دی ہے، اور کہا کہ ابھی تک تنظیم کو اِس سلسلے میں مکمل معلومات اور حقائق معلوم نہیں۔ اُن کے بقول، ’ آپریشن کے بارے میں دیے گئے بیانات میں تضادپایا گیا ہے۔‘
امریکہ اور پاکستان نے القاعدہ کے سربراہ کو سینکڑوں بے گناہ لوگوں کے قتل کا ذمہ د ار ٹھہراتے ہوئے القاعدہ کے سربراہ کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں جاری کی گئی اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان اور افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔تنظیم کے عہدے دار نے اِس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان یا افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اُن کے بقول، امن ہو یا جنگ کا میدان، تشدد بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔