رسائی کے لنکس

عمان نے غیر ملکیوں سےشادی کی اجازت دے دی


 سلطان ہیثم بن طارق السعید 11 جنوری 2020 کو مسقط ،عمان میں رائل فیملی کونسل کےسامنے ایک تقریر کرتےہوئے، فائل فوٹو
سلطان ہیثم بن طارق السعید 11 جنوری 2020 کو مسقط ،عمان میں رائل فیملی کونسل کےسامنے ایک تقریر کرتےہوئے، فائل فوٹو

عمان میں اس ہفتے جاری ہونےوالے ایک شاہی فرمان کے مطابق اب عمانی شہریوں کو کسی کسی غیر ملکی سےشادی کےلیے ریاست سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ یہ قدامت پسند خلیجی ملک میں سماجی اصلاح کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔

سلطان ہیثم بن طارق السعید نے، مرحوم سلطان قابوس کے 50 سالہ دور حکومت کے بعد 2020 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سےمالیاتی استحکام کو بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے طویل عرصے سے تاخیر کی شکار اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔

عمان کے اخبارات کے مطابق جہاں حکومت میڈیا اور حکومت مخالفین کو سختی سے کنٹرول کرتی ہے، اس سے قبل عمانیوں کو کسی غیر ملکی سے شادی کرنے کے لیے کچھ شرائط کو پورا کرنا پڑتا تھا جیسے کہ ایک خاص عمر سے زیادہ ہونا ۔ غیر قانونی شادیوں پر جرمانہ عائد کیا جاتا تھا۔

اتوار کو عمان کے سرکاری میڈیا نے کہا کہ سلطان ہیثم نے 23/2023 کا فرمان جاری کیا تھا جس نے 1993 کے اس قانون کومنسوخ کر دیا تھا جس کے تحت کسی غیر ملکی سے شادی کے لیے وزارت داخلہ کی منظوری درکا ر ہوتی تھی۔

عمانی وکیل صلاح المقبلی نے پیر کے روز عمانی میڈیا آؤٹ لیٹ شبیبہ کو دیے گئے اپنے تبصروں کو دہراتے ہوئے رائٹرز سے کہا کہ 1993 کے اس قانون کے بعد سے زندگی کے حقائق اور حالات بدل گئے ہیں، اور معاشی صورتحال تبدیل ہو گئی ہے ۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسی شادیوں سے شریعت (اسلامی قانون)، امن عامہ یا کچھ سرکاری ملازمتوں کے حامل افراد پر اس سے قبل غیر ملکیوں سے شادی پر عائد پابندیوں کی دوسری دفعات کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔ لیکن اس سے قبل غیر قانونی سمجھی جانے والی شادیوں کو اب قانونی شکل دی جا سکتی ہے۔

مکمل حکمنامہ ابھی تک شائع نہیں ہوا۔

عمانی باشندوں کی تعدادریاست کی کل 38 لاکھ آبادی کے نصف سے کچھ زیادہ ہے۔

عمان اپنے امیر تر خلیجی پڑوسیوں کے مقابلے میں خام تیل پیدا کرنے والا نسبتاً چھوٹا ملک ہے، اور وہ 2014 کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی اور پینڈیمک کےباعث ہونے والی قیمتوں میں کمی سے متاثر ہوا تھا۔

تاہم تیل کی حالیہ بلند قیمتوں اور مالیاتی اصلاحات سے ریاستی خسارے میں بہتری ہوئی ہے اور ریٹنگ ایجنسی، ایس اینڈ پی نے پچھلے ماہ عمان کے درجے کو مستحکم سے مثبت میں تبدیل کر دیا تھا ۔ اس کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی بیلنس شیٹ کی اصلاح کر رہی ہے اور اس نے 2022 میں مجموعی قرض کو جی ڈی پی کے 40 فیصد تک کم کر دیا ہے، جو 2021 میں تقریباً 60 فیصد تھا۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG