امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں پولیس پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق پہلا واقعہ جمعے کی شب 9:30 بجے کسیمی نامی شہر میں پیش آیا جہاں دو اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
کسیمی پولیس کے سربراہ جیف اوڈیل نے ہفتے کو صحافیوں کو بتایا کہ دونوں اہلکار مشکوک افراد کی سرگرمی کی ایک اطلاع پر تفتیش کے لیے گئے تھے جس کے بعد کچھ ہی دیر بعد ان پر فائرنگ کی اطلاع ملی۔
فائرنگ سے زخمی ایک اہلکار بعد ازاں دم توڑ گیا جب کہ دوسرے اہلکار کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔
کسیمی پولیس کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ دونوں اہلکاروں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا تھا۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے کسیمی کے محکمۂ پولیس سے تعزیت کرتے ہوئے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق فائرنگ میں ملوث ہونے کے شبہے میں پولیس نے تین افراد کو حراست میں لیا ہے جب کہ ایک اور مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔
دریں اثنا کسیمی سے 150 میل شمال میں واقع شہر جیکسن ول میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں اہلکار ایک اطلاع پر کارروائی کے لیے پہنچے تھے جہاں ایک شخص نے ان پر فائرنگ کردی۔ حملہ آور بھی بعد ازاں پولیس کی فائرنگ میں مارا گیا۔
زخمی ہونے والے ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے۔