رسائی کے لنکس

کراچی کےعلاقے لیاری میں رینجرز کا آپریشن


گزشتہ روز آٹھ چوک سے رینجرز کے دو اہلکاروں کو اغوا کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد جمعرات کو رینجرز نے ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا

کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے سبب اغوا اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یہاں تک کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی اس کی زد میں ہیں۔

گزشتہ روز لیاری کے علاقے آٹھ چوک سے رینجرز کے دو اہلکاروں کو اغوا کرکے قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد جمعرات کو لیاری کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز کی بھاری نفری تعینات کرکے ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

آپریشن موسیٰ لین، آٹھ چوک، بغدادی، پھول پتی لین، دبئی چوک، چیل چوک اور لی مارکیٹ کے علاقوں میں کیا گیا۔ رینجرز کے ترجمان اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن میں 1000 اہلکاروں نے حصہ لیا، جنہیں ایک درجن سے زائد بکتربند گاڑیوں اور موٹرسائیکل اسکواڈ کا بھی تعاون حاصل تھا۔

آپریشن کے نتیجے میں 3مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا، جبکہ کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے کے جرائم پیشہ افراد اور گینگ وار میں ملوث ملزمان کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ بھی ہوئی جس میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ آپریشن کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج بھی ہوا جبکہ مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے۔ احتجاج کے دوران علاقے کا کاروبار اور دکانیں بند ہوگئیں۔
XS
SM
MD
LG