رسائی کے لنکس

آسکرز 2024: اوپن ہائمر نے سات ایوارڈز کے ساتھ میلہ لوٹ لیا


اوپن ہائمر کا کردار ادا کرنے والے کیلین مرفی نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔
اوپن ہائمر کا کردار ادا کرنے والے کیلین مرفی نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔
  • ایٹم بم کے موجد پر بننے والی فلم اوپن ہائمر نے مجموعی طور پر سات ایوارڈز حاصل کیے۔
  • ماضی میں متعدد بار نامزد ہونے والے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور ہدایت کار کرسٹوفر نولن نے پہلا آسکر جیتا۔
  • بہترین اوریجنل سونگ کا ایوارڈ بلی آئیلش اور فنیئس او کونل کے نام رہا۔ بہن بھائی کی اس جوڑی نے فلم باربی کے لیے 'واٹ واز آئی میڈ فار؟' گایا۔

کرسٹوفر نولن کی فلم اوپن ہائمر نے 96ویں اکیڈمی ایوارڈز کا میلہ اپنے نام کر لیا ہے۔ ایٹم بم کے موجد جے رابرٹ اوپن ہائمر کی زندگی پر بننے والی فلم نے بہترین اداکار، بہترین ہدایت کار، بہترین فلم سمیت سات ایوارڈز اپنے نام کیے۔

اتوار کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہونے والی تقریب میں ہالی وڈ کے بڑے ناموں نے شرکت کی۔ 23 ایوارڈز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں اوپن ہائمر نے سات، پوور تھنگز نے چار اور دی زون آف انٹرسٹ نے دو ایوارڈز حاصل کیے۔

ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی فلم اوپن ہائمر کو 13 کیٹگریوں میں نامزد کیا گیا تھا۔ اوپن ہائمر کا کردار ادا کرنے والے کیلین مرفی نے بہترین اداکار، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے بہترین معاون اداکار، کرسٹوفر نولن نے بہترین ہدایت کار اور فلم نے بہترین پکچر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

فلم نے اس کے ساتھ ساتھ بہترین ایڈیٹنگ، بہترین سنیماٹوگرافی اور بہترین اوریجنل اسکور کے ایوارڈز بھی جیتے جس سے اس کے مجموعی ایوارڈز کی تعداد سات ہو گئی۔

بہترین اداکار کا ایوارڈ لیتے ہوئے کیلین مرفی نے کہا کہ یہ دنیا اچھی ہو یا بری لیکن ہم اوپن ہائمر کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے جب کرسٹوفر نولن کو کسی بھی فلم کی ہدایت کاری اور رابرٹ ڈاؤنی جونئیر کو اداکاری پر آسکر ملا۔

دونوں اس سے قبل متعدد بار اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہو چکے ہیں لیکن ایوارڈز نہیں جیت سکے تھے۔

اوپن ہائمر کو جو دو بڑے ایوارڈز نہ مل سکے وہ بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے تھے۔

پوور تھنگز میں بہترین اداکاری پر ایما اسٹون کو بہترین اداکارہ اور ڈیوائن جوائے رینڈولف کو دی ہولڈ اوورز میں عمدہ اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ قرار دیا گیا۔

یہ ایما سٹون کا دوسرا آسکر ہے۔ اس سے قبل انہیں 2017 میں'لا لا لینڈ' پر بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ مل چکا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کی کامیاب فلموں میں شامل فلم باربی کو صرف ایک ایوارڈ ملا ہے۔ یہ ایوارڈ گلوکارہ بلی آئیلش نے باربی کے اوریجنل سانگ 'واٹ واز آئی میڈ فار؟' اپنے نام کیا ہے۔

یہ گانا اب تک اسپاٹی فائے پر 70 کروڑ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔

بہترین اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ دی بوائے اینڈ دی ہیرن جب کہ بہترین انٹرنیشنل فلم کے لیے دی زون آف انٹرسٹ کو فاتح قرار دیا گیا۔

جن فلموں کو تقریب سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا ان میں مشن امپاسبل ڈیڈ ریکننگ، نپولین اور مائسٹرو کے نام قابل ذکر ہیں۔

تقریب کی میزبانی معروف کامیڈین جمی کمل نے کی جو اس سے قبل تین مرتبہ آسکرز کی میزبانی کر چکے ہیں۔

آیئے ایوارڈز جیتنے والوں کی مکمل فہرست پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

بہترین فلم

اوپن ہائمر

بہترین ہدایت کار

کرسٹوفر نولن، اوپن ہائمر

بہترین اداکار

کیلین مرفی، اوپن ہائمر

بہترین معاون اداکار

رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، اوپن ہائمر

بہترین اوریجنل اسکور

اوپن ہائمر

بہترین سنیماٹوگرافی

اوپن ہائمر

بہترین فلم ایڈیٹنگ

اوپن ہائمر

بہترین اداکارہ

ایما اسٹون، پوور تھنگز

بہترین پروڈکشن ڈیزائن

پوور تھنگز

بہترین میک اپ اینڈ ہیئر اسٹائلنگ

پوور تھنگز

بہترین کوسٹیوم ڈیزائن

پوور تھنگز

بہترین معاون اداکارہ

ڈیوائن جوائے رینڈولف، دی ہولڈ اوورز

بہترین اوریجنل سونگ

واٹ واز آئی میڈ فار، باربی

بہترین اوریجنل اسکرین پلے

اناٹومی آف اے فال

بہترین اڈاپٹڈ اسکرین پلے

امریکن فکشن

بہترین ڈاکیومینٹری فیچر فلم

ٹوئنٹی ڈیز ان ماریوپول

بہترین ڈاکیومینٹری شارٹ فلم

دی لاسٹ ریپیئر جاب

بہترین اینی میٹڈ فلم

دی بوائے اینڈ دی ہیرن

بہترین انٹرنیشنل فلم

دی زون آف انٹرسٹ

بہترین ساؤنڈ

دی زون آف انٹرسٹ

بہترین لائیو ایکشن شارٹ فلم

دی ونڈرفل اسٹوری آف ہنری شوگر

بہترین اینی میٹڈ شارٹ فلم

وار از اوور

بہترین ویژیول ایفیکٹس

گوڈزیلا مائنس ون

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG