رسائی کے لنکس

84 ویں آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان


84 ویں آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان
84 ویں آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان

امریکہ کی 'اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز' نے فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز 'آسکر' کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے ۔

فیملی ایڈونچر ڈراما 'ہیوگو' 11 نامزدگیوں کے ساتھ سرِ فہرست ہے جبکہ بلیک اینڈ وائٹ خاموش فلم 'دی آرٹسٹ' کو 10 مختلف شعبہ جات میں نامزد کیا گیا ہے۔

بیس بال کے کھیل سے متعلق فلم 'منی بال' اور جنگِ عظیم اول کی ایک کہانی پہ بنی اسٹیون اسپیل برگ کی 'وار ہورس' کو چھ، چھ نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔

بہترین فلم کے 'آسکر' کے لیے کل نو فلمیں میدان میں ہیں جن میں مذکورہ بالا چار فلموں کے علاوہ فیملی ڈراما 'دی ڈیسنڈنٹس'، شہری حقوق سے متعلق فلم 'دی ہیلپ' ووڈی ایلن کی 'مڈنائٹ ان پیرس'، ٹیرنس ملک کی 'دی ٹری آف لائف' اور 11/9 کے سانحے سے متعلق 'ایکسٹریملی لائوڈ اینڈ انکریڈبلی کلوز' شامل ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بہترین فلم کا 'آسکر' ایوارڈ 'دی ڈیسنڈنٹس' اور 'دی آرٹسٹ' میں سے کسی ایک کے سر رہے گا جو رواں ماہ ہونے والے 'گولڈن گلوب' ایوارڈز میں بالترتیب بہترین فلم اور بہترین مزاحیہ فلم قرار پائی تھیں۔

بیسویں صدی کی ابتدائی دہائیوں کی خاموش فلموں کے دور کی عکاسی کرنے والی فرانسیسی فلم 'دی آرٹسٹ' کی کہانی خاموش فلموں کے ایک ایسے اداکار کے گرد گھومتی ہے جس کا فلمی کیریئر بولتی فلموں کی آمد کے باعث تاریک ہوتا جارہا ہے۔

جب کہ 'دی ڈیسنڈنٹس' اپنے خان دان کو اکٹھا رکھنے کی کوششوں میں مصروف جزائرِ ہوائی میں بسنے والے ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی بیوی کشتی کے ایک حادثے کے بعد 'کوما' میں چلی گئی ہے۔

بہترین اداکار کے 'آسکر' کے لیے کل پانچ امیدوار میدان میں ہیں جن میں 'دی ڈیسنڈنٹس' کے جارج کلونی، 'دی آرٹسٹ' کے جین ڈجارڈن، 'منی بال' کے بریڈ پٹ، 'ٹینکر ٹیلر سولجر اسپائے' کے گیری اولڈ مین اور 'اے بیٹر لائف' کے ڈیمین بچر شامل ہیں۔

توقعات کے عین مطابق بہترین اداکارہ کے شعبے میں سرِ فہرست میرل اسٹریپ ہیں جنہیں فلم 'دی آئرن لیڈی' میں برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار نبھانے پر نامزد کیا گیا ہے۔

فلمی ناقدین ماضی میں دو بار 'آسکر' جیتنے والی اسٹریپ کو اس فلم میں ان کی اداکاری کے باعث پہلے ہی 'آسکر' کے لیے 'ہاٹ فیورٹ' قرار دے چکے ہیں۔ اسٹریپ سب سے زیادہ بار 'آسکر' کی نامزدگی حاصل کرنے والی اداکارہ بھی ہیں جنہیں 17 ویں بار اس اعلیٰ ترین فلمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس شعبے میں ان کے مدِ مقابل اداکارائوں میں 'مائے ویک ود مارلن' میں ماضی کی معروف گلوکارہ و اداکارہ مارلن منرو کا کردار اداکرنے والی مشیل ولیمز، 'دی ہیلپ' کی ویولا ڈیوس، 'البرٹ نوبس' کی گلین کلوز اور 'دی گرل ود ڈریگن ٹیٹو' کی رونی مارا شامل ہیں۔

بہترین ہدایت کار کے ایوارڈ کے لیے 'دی آرٹسٹ' کے مائیکل ہزاناویشس، 'دی ڈیسنڈنٹس' کے الیگزنڈر پین، 'ہیوگو' کے مارٹن اسکورسیس، 'دی ٹری آف لائف' کے ٹیرنس ملک اور 'مڈنائٹ ان پیرس' کے ووڈی ایلن نامزد کیے گئے ہیں۔

حیر ت انگیز طور پر بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے نامزد 'وار ہارس' کے ہدایت کار اور ماضی میں دوبار 'آسکر' جیتنے والے اسٹیون اسپیل برگ اس سال بہترین ہدایت کار کی نامزدگی حاصل نہیں کرپائے ہیں جب کہ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی اور 'گولڈن گلوب ایوارڈ' کی فاتح ان کی پہلی اینی میٹڈ فلم 'دی ایڈونچر آف ٹِن ٹن' بھی 'آسکر' کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

بہترین اینی میٹڈ فلم کے 'آسکر' ایوارڈ کی دوڑ میں 'اے کیٹ ان پیرس'، چیکو اینڈ ریٹا'، کنگ فو پانڈا2'، 'پس ان دی بوٹس' اور 'رینگو' شامل ہیں۔

84 ویں سالانہ 'آسکرز' کے فاتحین کا اعلان 26 فروری کو ہالی ووڈ کے 'کوڈک تھیٹر' میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG