رسائی کے لنکس

موٹے لوگوں کے پالتو کتے بھی عموماً موٹے ہوتے ہیں، ریسرچ


پالتو کتوں کو موٹاپے سے بچانے کے لیے انہیں اپنے ساتھ جاگنگ کرائی جا رہی ہے۔
پالتو کتوں کو موٹاپے سے بچانے کے لیے انہیں اپنے ساتھ جاگنگ کرائی جا رہی ہے۔

ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عموماً موٹے لوگوں کے پالتو جانور بھی خوب موٹے تازے ہوتے ہیں۔

بدھ کو جاری ہونے والی ڈنمارک کی ایک دلچسپ ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ موٹے افراد اپنے پالتو جانوروں کو بھی خوب کھلاتے پلاتے ہیں۔

کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین نے جریدے پریوینٹو ویٹرینری میں شائع ہونے والی اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ جیسا مالک ہو گا، ویسا ہی اس کا پالتو کتا ہو گا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ امکان دگنے سے زیادہ ہے کہ موٹے یا زیادہ وزن کے افراد کے پالتو کتے بھی موٹے ہوں گے یا ان کا وزن معمول سے کہیں زیادہ ہو گا۔

اس ریسرچ میں 268 پالتو کتوں کے مالکان کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 20 فی صد کتوں کا وزن نارمل سے زیادہ تھا۔

ریسرچر شارلٹ جورنویڈ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کا وزن معمول کے مطابق تھا، انہوں نے اپنے پالتو کتوں کو عموماً اضافی خوراک دینے سے گریز کیا، جب کہ موٹے افراد نے عام طور پر اپنی بچی کچی خوراک پالتو کتے کو ڈال دی۔ مثال کے طور پر اپنے صوفے پر آرام سے بیٹھ کر ٹی وی دیکھتے ہوئے سنیڈوچ یا کچھ اور کھانے کے دوران انہوں نے بچ جانے والی خوراک اپنے کتے کو دے دی۔

تحقیق کے مطابق ترقی یافتہ ملکوں میں 34 سے 59 فی صد پالتو کتوں کا وزن نارمل سے زیادہ اور بعض صورتوں میں اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ انہیں بھاگنے دوڑنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔

2016 میں کی جانے والی ایک اور تحقیق سے پتا چلا تھا کہ موٹاپے یا وزن کی زیادتی سے پالتو کتے کی اوسط متوقع عمر میں کمی ہو جاتی ہے، یا یہ کہ انہیں بھی انسانوں کی طرح شوگر اور دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق نارمل سے زیادہ وزن کے پالتو کتوں کی اوسط عمر میں تقریباً ایک سال چار ماہ تک کمی کا امکان ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG