افغان نائب وزیر تجارت کمیلا صدیقی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے افغانستان کے وفد نے بدھ کو پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان برآمدات اور درآمدات میں بہتری اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق, دونوں اطراف نے اتفاق کیا کہ معیشت کو سیاست سے نہیں جوڑا جانا چاہیے اور کاروبار کے فروغ کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔
ناصر خان جنجوعہ نے افغان وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان تجارت میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے قریب لانے کے لیے پائیدار اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کو پاکستان کی وزارت تجارت اور افغان وفد کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے تھے جن میں دونوں جانب سے تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔
ان مذاکرات کا مقصد افغانستان سے پاکستان کے لیے برآمدات کو فروغ دینے میں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدام کرنا شامل ہے۔