ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد ہملٹن میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 41 رنز سے ہرا کر چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی 1۔3 جیت لی ہے۔
جمعرات کو پاکستان کی طرف سے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم سینتالیسویں اوورز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان راس ٹیلر 69 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین، شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو،دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افتتاحی بلے باز احمد شہزاد کی شاندار سنچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔
شہزاد نے 109 گیندوں پر بارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے۔ عمر اکمل 32، مصباح الحق 25 اور کپتان شاہد آفریدی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔
پاکستان نے تقریباً دو سال کے بعد پہلی مرتبہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتی ہے ۔ قومی ٹیم نے 2008 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز تین، صفر سے جیتی تھی۔
سیریز کا آخری میچ ہفتے کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
صدر اور وزیراعظم نے قومی ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے اسی جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔