رسائی کے لنکس

امریکی وفد سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں پر اتفاق

امریکی وفد سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں پر اتفاق
امریکی وفد سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں پر اتفاق

سینیٹر رابرٹ کروکر کی سربراہی میں امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کو یقین دلایا امریکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سلامتی کے سلسلے میں اپنے وعدے پورے گا اور واشنگٹن اپنے اتحادی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔ وفد نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں اور دونوں اطراف سے سامنے والے پیغامات کو مثبت اور خوش آئند قرار دیا ہے ۔

ہفتے کو اسلام آبادمیں سینیٹر رابرٹ کروکرکی سربراہی میں امریکی کانگریس کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں وزیر اعظم گیلانی نے پاک امریکہ تعلقات میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کو دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے تاکہ اعتماد پر مبنی اسٹریٹیجک شراکت داری کے عمل کو مزید مستحکم کیا جاسکے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو کسی ایک واقعے کی وجہ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے اور طرفین کو ان دوطرفہ روابط کے فروغ کی کوششیں جاری رکھنی چاہیئں۔ رواں ہفتے امریکی سینٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان کیری نے بھی پاکستان کے دورے میں سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کے بعد اس اُمید کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کسی ایک واقعے سے متاثر نہیں ہونے چاہیئں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا 36سالہ اہلکار ریمنڈ ڈیوس دوہرے قتل کے الزام میں لاہور میں زیرحراست ہے ۔ امریکہ کا موقف ہے کہ ریمنڈ کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے تاہم وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ اس کا فیصلہ عدالت کر ے گی۔

ہفتے کو جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کے لیے غیر فوجی امریکی امدادکے کیری لوگر برمن بل کے تحت ملک میں امریکی منصوبے اب عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں اوراُنھوں نے اس کام میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بیان کے مطابق امریکی وفد نے بھی وزیراعظم گیلانی سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ مثبت پیغامات کے سلسلے کو جاری رہنا چاہیے اور کسی ایک واقعے کو بنیاد بنا کر دوطرفہ تعلقات کو یرغمال نہیں بنایا جانا چاہئیے۔

XS
SM
MD
LG