رسائی کے لنکس

پاک افغان امن کمیشن کے ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس


پاکستان،افغانستان اور امریکہ کے نمائندے
پاکستان،افغانستان اور امریکہ کے نمائندے

افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے قائم پاک افغان کمیشن کے ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس بدھ کو کابل میں ہوا۔

مذاکرات کے اس دور میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کی جس میں فوج کے دو میجر جنرل اور دیگر متعلقہ حکام بھی شامل تھے۔ افغان وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ جاوید لویدن نے کی ۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس اجلاس میں اُن معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جن پر رواں ماہ اسلام آباد میں صدر حامد کرزئی کے دورے کے دوران کمیشن کے پہلے سربراہی اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ افغانوں کی زیر قیادت امن و مصالحت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے مختلف پہلوؤں کا اس تناظر میں جائزہ لیا گیا کہ اس عمل کو کیسے کامیاب بنایا جاسکے۔ پاکستان نے اس مصالحتی عمل کوآگے بڑھانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستانی اور افغان حکام نے ٹھوس پیش رفت اور تمام پہلوؤں کے بغور جائزے کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا۔ کمیشن کا آئندہ اجلاس اگست میں اسلام آباد میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG