رسائی کے لنکس

پاکستانی امریکن یوتھ کانفرنس کا آغاز وائٹ ہاؤس کی بریفنگ سے ہوگا


پاکستانی امریکن یوتھ کانفرنس کا آغاز وائٹ ہاؤس کی بریفنگ سے ہوگا
پاکستانی امریکن یوتھ کانفرنس کا آغاز وائٹ ہاؤس کی بریفنگ سے ہوگا

وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے اوباما انتظامیہ کے پال ٕمونٹیرو بین المذاہب مکالمے پر بات کریں گے جبکہ وائٹ ہاؤس اسٹاف کے شارق ظفر اور تمنا ثلیق الدین بھی نوجوانوں سے مختلف امور پر بات چیت کریں گے

پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کی کانفرنس کا افتتاح اکیس اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک بریفینگ سے ہوگا۔ اس بریفنگ میں اوباما انتظامیہ کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور فارن پالیسی اسپیچ رائٹر بین روہڈز نوجوانوں سے صدر باراک اوباما کی جنوبی ایشیا کے بارے میں پالیسی پربات کریں گے۔

یہ کانفرنس21 اکتوبر سے23 اکتوبر تک واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہو گی۔ امریکہ میں قائم پاکستانیوں کی ایک تنظیم یو ایس پاک فاؤنڈیشن، پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کے لئے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اس تین روزہ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے۔

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عرفان ملک کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کا مقصد پاکستانی امریکی نوجوانوں کو کل کے قائدانہ کردار کے لئے تیار کرنا ہے۔ اس سال کانفرنس کا موضوع “ کل کے رہنماؤں کی تشکیل” ہے۔ منتظمین کا کہناہے کہ اس سال ہائی ا سکول اور کالج کے ڈیڑھ سوکے قریب طلبا و طالبات کانفرنس میں شرکت کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ گزشتہ سال پندرہ امریکی ریاستوں سے ایک سو پچھتر طالب علم اس کانفرنس میں شریک ہوئے تھے۔

وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے اوباما انتظامیہ کے پال ٕمونٹیرو بین المذاہب مکالمے پر بات کریں گے جبکہ وائٹ ہاؤس اسٹاف کے شارق ظفر اور تمنا ثلیق الدین بھی نوجوانوں سے مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد نوجوان کیپیٹل ہل جائیں گے جہاں کانفرنس کا کینن بلڈنگ میں باقاعدہ سیشن کا آغاز ہو گا۔ یہاں امریکی دفترِ خارجہ کی مسلمان برادریوں کےلئے نمائندہ فرح پنڈت، اسلامی ملکوں کی تنظیم کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی رشاد حسین ، پاکستانی نژاد ویٹ لفٹر خاتوں کلثوم عبداللہ خطاب کریں گے۔

شام کو کانفرنس کے شرکا پاکستانی سفارتخانے میں ایک عشائیے میں شرکت کریں گے۔

کانفرنس کےاخراجات کےمتعلق عرفان ملک کا کہنا تھا کہ منتظمین بچوں سے ایک سو پچھتر ڈالر رجسٹریشن فیس لے رہے ہیں جس سے ان کے کھانے، ٹرانسپورٹیشن اور کانفرنس کے مسودات کا آدھا خرچہ پورا کیا جائے گا۔ باقی خرچہ تنظیم خود برداشت کرے گی۔ رہائش اور آنے جانے کا کرایہ بچوں کو خود برداشت کرنا پڑے گا۔

عرفان ملک نے وائس آف امریکہ اردو سروس کو بتایا کہ کانفرنس کے دوران نوجوانوں کے پاس موقع ہو گا کہ وہ اُن پاکستانی امریکیوں سے بات چیت کے ذریعے سیکھ سکیں جنہوں نے امریکی سیاست، تجارت اور کاروبار میں ایک نام کمایا ہے۔ ان کامیاب پاکستانی امریکی افراد سے آج کے نوجوان اپنی آئندہ پیشہ وارانہ زندگی کے انتخاب، کسی خاص شعبے میں داخل ہونے کے بارے میں تیاری ، اپنا تعارفی خاکہ بنانے اور پیشہ وارانہ فن خطابت کے رموز اور قائدانہ صلاحیتوں سمیت بہت کچھ سیکھ پائیں گے۔

عرفان ملک کا کہنا تھا کہ اس تین روزہ کانفرنس کے دوران شرکا کے لئے یہ موقع بھی ہو گا کہ وہ امریکی حکومت کی مقننہ اور انتظامیہ کے متعلق سمجھ سکیں۔ امریکی سینیٹر، ایوان نمائندگان کے ارکان، وائٹ ہاؤس کے عہدیدار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عہدیدار اس کانفرنس میں آکر ان نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس میں یہ موقع بھی ہو گا کہ طالب علم اپنے دیگر ہم عصروں سے تعارف حاصل کر سکیں اور اپنا ایک نیٹ ورک بنا سکیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے دوران مختلف ورک شاپس کا انعقاد کیا جائے گا اور طلبا کو واشنگٹن ڈی سی میں قائم حکومتی دفاتر اور سفارتخانوں کا دورہ بھی کرایا جائے گا خاص کر پاکستانی سفارتخانے کا۔

یو ایس پاک فاؤنڈیشن، پاکستانی امریکیوں کی ایک اور تنظیم، پاک پیک کی ایک ذیلی شاخ ہے۔ عرفان ملک نےبتایا کہ دوسری تنظیم زیادہ تر سیاسی کام کرتی ہے۔ اس لئے ایک ایسی تنظیم بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی جوپاکستانی امریکیوں کو ان کے حقوق کی آگہی،پھر ان حقوق کے لئے جد جہد اور امریکہ میں پاکستانی برادری کی شناخت کو بہتر بنانے کے لئے کام کرے۔

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی نژاد امریکیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں بھی وہی مواقع حاصل ہیں جو باقی امریکیوں کوحاصل ہیں۔ اور ان سے پہلے بھی بہت سے پاکستانی ان ہی کی طرح کے چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنا نام بنا چکے ہیں اور آج کا نوجوان بھی ایسا ہی کرسکتا ہے۔

عرفان ملک کہتے ہیں کہ ہم ا سٹیریو ٹائپ کو ختم کر کے آج کے نوجوان کی رہنمائی، آگہی اور شعور بیدار کرنا چاہتے ہیں اور ان کو قائل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ موجود مواقع کا بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا کر امریکی معاشرے کا ایک فعال کرداربن سکیں۔

XS
SM
MD
LG