رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے پاکستان اسکواڈ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور جنوبی افریقہ کےدرمیان 5 ون ڈےمیچز کی سیریزکا پہلا میچ  19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کیا۔

ٹیسٹ سیریز کے لئے جنوبی افریقہ میں موجود ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، محمد عباس اور یاسر شاہ کی جگہ محمد حفیظ، شعیب ملک، حسین طلعت، عثمان شنواری اور عماد وسیم کو ون ڈے ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

پاکستانی اسکواڈ میں سرفراز احمد(کپتان)، بابراعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، حسین طلعت، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمدحفیظ، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ڈرا کرنے والی پاکستان ٹیم کے تین ارکان کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جن میں آصف علی، جنید خان اور حارث سہیل شامل ہیں۔

فاسٹ بولر محمد عباس کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے سوال پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہ ہماری پلاننگ میں شامل ہیں لیکن ہمیں ان کے ورک لوڈ کو سمجھ داری سے دیکھنا ہے، وہ ابھی انجری سے واپس آئے ہیں لہٰذا ہمیں مستقبل کے مقابلوں کے لئے اُنہیں مناسب آرام دینا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد عامر ٹیسٹ سیریز میں اچھی پرفارمنس کے باعث نہ صرف خود بخود سلیکٹ ہو گئے بلکہ محمد عباس کو آرام دینے کے لئے ہمارے فیصلے میں بھی مدد دی۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ جنید خان کو اس دورے کے لئے زیر غور نہیں لایا گیا کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ اُنہیں اپنی بولنگ پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ فٹنس مسائل کی وجہ سے اُنہوں نےنیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بھی مختصر کر دی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کےدرمیان 5 ون ڈےمیچز کی سیریزکا پہلا میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG