رسائی کے لنکس

دہشت گردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: جنرل راحیل


جنرل راحیل شریف
جنرل راحیل شریف

پاکستانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ پوی قوم کی مدد سے ملک سے "دہشت گردی کی لعنت" کو ختم کر دیا جائے گا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ’ضرب عضب‘ کے بعد دہشت گرد پسپا ہو رہے ہیں اور اس مایوسی کی صورت حال میں وہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ایک بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کی یہ کوششیں بے سود رہیں گی اور اُنھیں ملک میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی ۔

بلوچستان میں پاکستان فضائیہ کے زیر استعمال سمنگلی ائیر بیس اور کوئٹہ میں فوج کے زیر استعمال الاخالد ائیر ایویشن بیس پر حملے کو پسپا کرنے والے سکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل کو بھی جنرل راحیل شریف نے سراہا۔

جنرل راحیل نے کہا کہ پوی قوم کی مدد سے ملک سے "دہشت گردی کی لعنت" کو ختم کر دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سمنگلی ایئر بیس پر سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے جب کہ تین کو گرفتار کر لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں فوج کے زیراستعمال الاخالد بیس پر چھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

ان دونوں حملوں میں فضائیہ اور فوجی اثاثوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

پاکستانی فوج نے افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں ملکی اور غیر ملکی جنگجوؤں کے خلاف 15 جون سے فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں اب تک چھ سو سے زائد عسکریت مارے جا چکے ہیں جن میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ اور میر علی کے علاوہ کئی دیگر اہم علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا جب کہ اُن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مراکز کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG