رسائی کے لنکس

پاکستانی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 28 جنگجو ہلاک


پاکستانی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 28 جنگجو ہلاک
پاکستانی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 28 جنگجو ہلاک

پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے قبائلی علاقے، اورکزئی ایجنسی، میں بھاری توپ خانے کی مدد سے طالبان عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کر کے کم از کم 28 جنگجوؤں کو ہلاک اور 25 کو زخمی کر دیا۔

فوجی ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ منگل کی صبح ڈبوری کے علاقے میں کی گئی کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا اور عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

آزاد ذرائع سے سرکاری دعوؤں کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

جس علاقے میں پاکستانی فورسز نے آپریشن کیا ہے اُس کی سرحد خیبر ایجنسی میں سنگلاخ پہاڑیوں پر مشتمل وادی تیرہ سے ملتی ہے جو طالبان شدت پسندوں اور جرائم پیشہ گروہوں کا گڑھ مانا جاتا ہے۔

حالیہ دنوں میں افغان سرحد سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے سکیورٹی فورسز اور حکومت کے حامی قبائلیوں پر حملوں میں تیزی آئی ہے اور اورکزئی ایجنسی میں کیا گیا فوجی آپریشن بظاہر اس کا ردعمل ہے۔

خیبر ایجنسی میں گزشتہ ہفتے تین مختلف واقعات میں 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان میں اتوار کو گدھا گاڑی میں چھپائے گئے ریموٹ کنٹرول بم کا واقعہ بھی شامل ہے جس میں مرنے والے چھ افراد میں طالبان مخالف لشکر کے دو ارکان بھی شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG