قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں منگل کو شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑ پ میں پانچ جنگجو اورایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔
حکام کے مطابق علاقے میں تعینات سکیورٹی فورسز کی چوکی پرخودکار ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے علی الصبح حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا جس کے جواب میں کی گئی کارروائی میں حکام کے مطابق پانچ شدت پسند مارے گئے۔
ایک روز قبل اورکزئی ہی کے علاقے قلات میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حالیہ دنوں میں اس قبائلی علاقے میں طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں اضافہ ہو ا ہے۔
دریں اثناء سرکاری ٹی وی کے مطابق فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل نادر زیب نے بتایا ہے کہ اورکزئی ایجنسی کے 90 فیصد حصے پرسکیورٹی فورسز کا کنٹرول ہے اور اس علاقے سے نقل مکانی کرنے والے ہزاروں خاندانوں کی واپسی بدھ سے شروع ہو جائے گی۔
رواں سال کے آغاز میں اورکزئی میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا جس میں حکام کے مطابق اب تک ساڑھے چھ سو سے زائدعسکریت پسند ہلاک اور دو سوسے زائد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔